ہمایوں سعید نے بھی ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنالیا
سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام اور مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر مقبول اداکار ہمایوں سعید نے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر بھی اکاؤنٹ بنالیا۔
ہمایوں سعید کی عمر 45 برس سے زائد ہے اور ٹک ٹاک کو کم عمر افراد کے ایپلی کیشن پر شہرت حاصل ہے، جہاں زیادہ تر نوجوان شخصیات مقبول ہیں۔
پاکستان کی زیادہ تر شوبز شخصیات نے ابتدائی طور پر ٹک ٹاک کو نئی نسل کے لیے خطرناک قرار دیا تھا، تاہم مذکورہ ایپ کی مقبولیت کے بعد گزشتہ کچھ عرصے سے شوبز شخصیات خود اسی پر اکاؤنٹ بنانے لگی ہیں۔
ہمایوں سعید نے حال ہی میں ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنایا تھا اور انہوں نے 27 جولائی تک اس پر محض 5 ویڈیوز شیئر کی تھی۔
اداکار کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز پر اب تک مجموعی طور پر 13 لاکھ سے زائد ویوز آ چکے ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 55 ہزار تک جا پہنچی۔
اداکار کی جانب سے شیئر کی گئی تمام ویڈیوز ان کے شوٹنگ سیٹ پر بنائی گئی ہیں، جن میں سے زیادہ تر ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کے سیٹ پر بنائی گئی تھی۔
انہوں نے پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو مہوش حیات کے ساتھ بھی شیئر کی جب کہ باقی ویڈیوز میں وہ خود اکیلے دکھائی دیے۔
اداکار کی ویڈیوز کو لاکھوں افراد نے لائیک کرتے ہوئے ان پر کمنٹس بھی کیے اور اداکار کو ٹک ٹاک پر خوش آمدید بھی کہا۔
ہمایوں سعید سے قبل رواں برس مارچ میں اداکارہ عائشہ عمر جب کہ اس سے قبل اداکار فیروز خان نے بھی ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنایا تھا۔
حیران کن طور پر فیروز خان بھی ماضی میں ٹک ٹاک کو سماج کے لیے کینسر قرار دیتے رہے تھے، تاہم انہوں نے بھی مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے اسی ایپ پر اکاؤنٹ بنایا۔
ان کے علاوہ دیگر متعدد شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ٹک ٹاکرز کی مقبولیت کے بعد اسی ایپ پر اکاؤنٹ بنائے۔