پاکستان

'سندھ میں شدید بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ عمان کی جانب بڑھ گیا'

27 جولائی سے مون سون ہواؤں کے سبب ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
| |

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ میں بڑے پیمانے پر بارشوں کا باعث بننے والا ہوا کا کم دباؤ مغرب کی جانب عمان کے ساحل کی طرف بڑھ گیا ہے تاہم آئندہ 3 سے 4 روز میں ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

آئندہ چند روز تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنی پیش گوئی میں بتایا کہ آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران نواب شاہ، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، جامشورو، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی اور کشمور کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، کرنٹ لگنے سے 4 شہری جاں بحق

البتہ بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹنڈو الہٰیار، میرپور خاص اور کراچی ڈویژن میں آج ہلکی یا درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں محکمے کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ضلع خصدار، لسبیلہ، حب اور کیر تھر رینج کے ساتھ مسلسل شدید بارشیں حب ڈیم پر دباؤ کے ساتھ دادو، جامشورو کے اضلاع میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز، 29 جولائی تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ شہر میں مطلع جزوی یا مکمل ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

شہر قائد میں مزید 2 افراد جاں بحق

کراچی میں بدھ (آج) کی صبح تک بارش کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔

دریں اثنا بجلی کا کرنٹ لگنے سے شہر قائد میں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقہ سیکٹر ایچ 13 ڈوب گیا

ترجمان کراچی پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق گھر میں کرنٹ لگنے سے 42 سالہ ندیم نامی شخص زندگی کی بازی ہار گیا، اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس کے علاوہ فیڈرل بی ایریا میں لیاری ایکسپریس وے ندی سے ایک نامعلوم 30 سے 32 سالہ شخص کی تقریباً 12 گھنٹے سے ڈوبی ہوئی لاش برآمد ہوئی جسے مزید کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

موسم کی صورتحال

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ 27 جولائی (بدھ) سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

پیش گوئی میں خبردار کیا گیا کہ 27 سے31 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی/ اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران کشمیر، گلیات، مری، چلاس، دیامر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے چنانچہ مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران مزید محتاط رہیں۔

علاوہ ازیں 27 سے 31 جولائی کے دوران کوئٹہ، چمن، ہرنائی، ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان ،کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد، جعفر آباد، سبی، دادو، سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

جب تک حکم نہ دیں دعا زہرہ کو پیش نہ کیا جائے، عدالت

فلپائن میں شدید زلزلے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک

پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کردیا ہے، رانا ثنااللہ