ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے نادرا کے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ڈیجیٹل سلوشن کا پائلٹ ٹیسٹ شروع کر دیا ہے جسے ملک میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پائلٹ ٹیسٹ آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کی 83 تحصیلوں کے 429 مردم شماری بلاکس میں جاری ہے اور اس سے قبل ابتدائی ٹیسٹنگ بھی کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: نادرا نے بائیو میٹرک تصدیق کے لیے ایپ کا اجرا کردیا
یہ پیش رفت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آئی۔
اجلاس میں پاکستان ادارہ شماریات، وزارت خزانہ، نادرا، مشترکہ مفادات کونسل، نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے اجلاس کو بتایا کہ ڈیجیٹل سلوشن صرف تین ہفتوں میں جدید طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاری پائلٹ مرحلے کے دوران 59 ہزار 569 ڈھانچوں، 58ہزار 882 گھرانوں اور 74ہزار 536 افراد کی گنتی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا انتخابات کے دوران 2018 کی آر ٹی ایس ناکامی جیسی صورتحال سے بچنے کا خواہاں
طارق ملک نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ اس حل میں اینڈرائیڈ پر مبنی ہاؤس لسٹنگ اور شماریاتی ایپلیکیشن کی تنصیب کے ساتھ ساتھ گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم، ڈیٹا سینٹر اور کال سینٹر سروسز اور تحصیل کی سطح پر تکنیکی معاونت کے مراکز کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے ایک آن لائن ویب پورٹل کا قیام بھی شامل ہے۔
نادرا کے چیئرمین نے مزید کہا کہ سسٹم پورے عمل میں درستی، احتساب اور شفافیت کو یقینی بنائے گا۔
اینڈرائیڈ پر مبنی ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کو ڈیٹا کی مطابقت پذیری کی خصوصیت کے بغیر آن لائن اور آف لائن سپورٹ حاصل ہے، یہ نظام مردم شماری کے تینوں مراحل یعنی مردم شماری سے پہلے کے مرحلے، مردم شماری کے مرحلے اور مردم شماری کے بعد کے مرحلے میں پاکستان شماریات بیورو کی مدد کرے گا۔
نادرا پاکستان شماریات بیورو میں ڈیجیٹل امیجریز کے ساتھ مردم شماری کے ڈیٹا کے مرکزی ذخیرے کے لیے ڈیٹا سینٹر کی خدمات کو بڑھا رہا تھا۔
مزید پڑھیں: نادرا میں تصحیح، تصدیق اور تجدید کا نیا نظام لارہے ہیں، وزیر داخلہ
اس کے علاوہ ایک صارف دوست ویب پورٹل تیار کیا گیا ہے تاکہ لوگ مردم شماری کی مشق کے وقت اپنی عدم دستیابی کی صورت میں اس میں اندراج کر سکیں۔
اس سے قبل جنوری میں مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری کے انعقاد اور مردم شماری کی نگراں کمیٹی کے قیام کی منظوری دی تھی، اس کے بعد پاکستان ادارہ شماریات نے مردم شماری کو انجام دینے کے سلسلے میں ایک جامع ڈیجیٹل حل تیار کرنے کے لیے جون میں نادرا کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔