محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں بدھ سے مزید بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے بدھ سے مون سون کے ایک اور سلسلے کے تحت ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ 27 جولائی بروزبدھ سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
مزید بتایا گیا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں 7 یا 8 جولائی کو مون سون کی دوسری بارش ہوگی، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بارشوں کے نئے اسپیل کے تحت کوئٹہ، چمن، ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان، کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد، جعفرآباد، سبی، دادو، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد سمیت بلوچستان اور سندھ کے بعض مقامات پر 31 جولائی تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، ساہیوال، اوکاڑہ، بھلسیکر، لیہ، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خان پور، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں بھی بدھ سے درمیانے درجے سے موسلادھار بارشیں ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی/ اسلام آباد، شکر گڑھ، سیالکوٹ، نارووال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، کرک، بنوں، لکی مروت، کشمیر، لورالائی، بارکھان، کوہلو، موسی خیل، شیرانی، سبی، بولان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کشمیر، گلیات، مری، چلاس، دیامیر، گلگت، ہنزہ، استور اوراسکرد ومیں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 2 جولائی کو بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
مسافروں اور سیاحوں کو موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہباز شریف کی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
دوسری جانب، ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کو پاکستان بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت دی کہ وہ صوبائی حکومتوں کو مکمل تعاون فراہم کریں تاکہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت مشکل صورتحال پر قابو پانے کے لیے صوبے کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔