پاکستان

یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ویکسینیشن کیلئے اضافی 2 کروڑ ڈالر کا وعدہ کیا ہے، وفاقی وزیر صحت

امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول پاکستان میں بیماریوں کے ڈیٹا سینٹر کی مضبوطی کے لیے ادارہ صحت کی مدد کرے گا، وزیر صحت

وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نےکہا ہے کہ یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ویکسینیشن کے لیے اضافی طور پر 2 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے اور امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول بھی پاکستان میں بیماریوں کے حوالے سے ڈیٹا سینٹر کی مضبوطی کے لیے معاونت کرے گا۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت صحت سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں پاکستان اور امریکا کے درمیان 'ہیلتھ ڈائیلاگ' کے دوران بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان اور امریکا نے صحت کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت 5 تا 11 سال کے بچوں کو جلد کورونا ویکسین لگائے گی، وفاقی وزیر صحت

انہوں نے کہا کہ وبائی امراض اور صحت کے تحفظ کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور امریکا اشتراک کار بہت اہم ہے اور امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان تعاون مستحکم کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ویکسینیشن کے لیے اضافی طور پر 20ملین ڈالر کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا حفاظتی ٹیکہ جات ،غذائیت ،زچہ بچہ کی صحت، نوزائیدہ بچوں کی زندگیاں بچانے اور سرحد پار صحت کے تحفظ کے بارے تعاون میں پیش رفت کریں گے، دونوں ممالک نے پاکستان میں بیماریوں پر قابو پانے کے لیے سینٹر کی تشکیل اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں شروع کر دی ہیں۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول پاکستان میں بیماریوں کے ڈیٹا سینٹر کی مضبوطی کے لیے ادارہ صحت کی مدد کرے گا کورونا وبا کے دوران پاک-امریکا تعاون سے صحت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا پتا چلتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں پاک-امریکا تعاون، بیماریوں اور وبا کے خلاف ڈھال سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں کیونکہ بیماریوں کی کوئی سرحد نہ ہونے سے وبا کسی خاص ملک کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے چیلنج ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:آبادی کنٹرول کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کر رہے ہیں، عبدالقادر پٹیل

وزیر صحت نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں کامیابی کے لیے ماں اور بچے کی غذائیت بہت اہم ہے، پاکستان عالمی صحت کے تحفظ سے متعلق ایجنڈے کے تحت اپنی بارڈر ہیلتھ ایجنسی مضبوط کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے معلومات، طبی مہارت اور امراض پر قابو پانے کے لیے بہترین عملی اقدامات کے تبادلے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کی کورونا وبا پر کامیابی پانے کے لیے کوششوں کو سراہا اور اس حوالے سے قریبی اشتراک کار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان صحت سے متعلق امور پر آئندہ مذاکرات پاکستان میں ہوں گے۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں رواں برس پولیو وائرس کا تیسرا کیس رپورٹ

عبدالقادر پٹیل نے امریکا کی جانب سے ویکسین کی 6 کروڑ 15 لاکھ خوراکیں اوربچوں کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ ویکسین کی خوراکوں کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا اور اس موقع پر انہوں نے امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر مسعود خان کے تعاون کو بھی سراہا۔

منکی پاکس کی خصوصی ویکسین تیار کرلی گئی

انسٹاگرام پر ریلز کو آسان بنانے کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان

ججز کی تعیناتی پر چیف جسٹس کی جلد بازی سوالیہ نشان ہے، جسٹس فائز عیسیٰ