سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج شہری انتظامیہ کےساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاک فوج کے دستے حالیہ بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال سے متاثرہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں پانی کی نکاسی اور متاثرہ آبادی کو بنیادی غذائی ضروریات اور طبی دیکھ بھال فراہم کرنے میں مسلسل مصروف ہیں۔
بیان کے مطابق پانی نکالنے والی ٹیمیں ضلع جامشورو، گھارو گرڈ اسٹیشن، کراچی جنوبی سمیت شاہراہ فیصل اور نیپا چورنگی، لسبیلا، تربت اور کوئٹہ میں فلڈ ریلیف آپریشن کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں کو پاک فوج نے ریسکیو کرلیا
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی ٹیموں نے طبی سہولیات فراہم کیں اور امدادی کیمپ قائم کیے اور مقامی رہائشیوں میں خوراک اور راشن تقسیم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اسٹینڈ بائی اور رسپانس ٹیمیں امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے دستوں اور موبائل میڈیکل ٹیموں نے جامشورو، گھارو، کیماڑی اور نیپا چورنگی پر سیکڑوں مقامی لوگوں کو امدادی سامان اور مفت ادویات فراہم کیں۔
مزید پڑھیں: مری آفت زدہ قرار، ایمرجنسی نافذ، پاک فوج کے جوان مدد کیلئے پہنچ گئے
بیان میں کہا گیا کہ طبی ٹیموں نے کوئٹہ، تربت اور لسبیلہ میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی۔
کراچی میں بارش کے باعث حادثات میں 3 افراد جاں بحق
دریں اثنا کراچی میں آج بارش کے سبب کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نیو کراچی میں پلاسٹک فیکٹری میں کرنٹ لگنے سے 35 سالہ مزدور جاں بحق ہوگیا، ان کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردیں
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ قائم خانی کالونی سے 32 سالہ شخص کی لاش سول ہسپتال لائی گئی جو کرنٹ لگنے کے سبب جاں بحق ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کورنگی میں بلال کالونی کے قریب بھی ایک 23 سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔
دریں اثنا مسلسل بارش سے شہر کی کئی سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: آرمی چیف کا پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کا حکم
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے پر بارش کا پانی جمع ہونے سے نیو سبزی منڈی سے ٹول پلازہ کی جانب ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی۔
شہر کے بعض علاقوں میں بارش سے سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا، نیشنل ہائی وے پر منزل پمپ کے قریب گڑھا بن گیا جہاں ٹریلر پھنسنے کے باعث ٹریفک کو متبادل سڑکوں کی جانب موڑنا پڑا۔