کاروبار

معیشت درست سمت میں ہے، منفی تجزیے درست نہیں، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک

سوشل میڈیا پر معیشت کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، پاکستان اتنا خطرے میں نہیں جتنا لوگ سمجھ رہے ہیں، ڈاکٹر مرتضیٰ سید

قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا ہے کہ پاکستان اتنا خطرے میں نہیں جتنا لوگ سمجھ رہے ہیں، معیشت درست سمت میں ہے، منفی تجزیے درست نہیں ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آئندہ 12 مہینے عالمی معیشت کے لیے بہت مشکل ہوں گے، کورونا وبا سے باہر نکلتے ہوئے ہم محسوس کر رہے ہیں کہ اجناس کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہو رہا ہے، ذخائر میں کمی آرہی ہے اور عالمی سیاسی تناؤ بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان وجوہات کے سبب تمام ممالک پریشان ہیں، وہاں مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور جن ممالک پر قرضوں کی شرح زیادہ ہے ان پر اس صورتحال کا دباؤ بھی زیادہ پڑ رہا ہے۔

ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا کہ تاہم میرے خیال میں اس وقت پاکستان اتنا خطرے میں نہیں ہے جتنا لوگ سمجھ رہے ہیں، اس کی 3 وجوہات ہیں، سب سے پہلے ہمارے قرضوں کی شرح جو ہمارے جی ڈی پی کا 70 فیصد بنتا ہے، گھانا، مصر اور سری لنکا کی طرح جن دیگر ممالک سے ہمارا موازنہ کیا جارہا ہے ان کے قرضوں کی یہ شرح ان کے جی ڈی پی کا 80 فیصد یا اس سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری چیز بیرونی قرضوں کی شرح ہے، ہمارے بیرونی قرضوں کی شرح جی ڈی پی کا 40 فیصد ہے جبکہ ایسے دیگر ممالک میں یہ شرح زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے اندرونی قرضوں کی شرح زیادہ ہے اور اس کو سنبھالنا آسان ہوتا ہے کیونکہ یہ آپ کی اپنی کرنسی میں ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سری لنکا نہیں، نہ حالات اس جیسے ہیں، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک

ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا کہ تیسری چیز مختصر مدت کے قرض دیکھے جاتے ہیں، پاکستان کے کُل بیرونی قرضوں کا صرف 7 فیصد مختصر مدت کے قرضوں پر مبنی ہے، دیگر ملکوں کی یہ شرح کافی بلند ہے، ترکی میں یہ شرح 30 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ایک اور چیز یہ دیکھی جاتی ہے کہ کن شرائط پر آپ نے یہ بیرونی قرضہ حاصل کیا ہے، ہمارے معاملے میں قرضوں کا صرف 20 فیصد کمرشل بنیادوں پر حاصل کیا گیا ہے جبکہ باقی قرضہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دوست ممالک سے لیا گیا ہے اس لیے ان کو لوٹانا ہمارے لیے بہ نسبت ان ممالک کے بہت آسان ہے جنہوں نے کمرشل بنیادوں پر بہت زیادہ قرضہ حاصل کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری چیز یہ بھی دیکھنی چاہیے کہ پالیسیوں پر کس طرح عملدرآمد کیا جارہا ہے، کورونا سے نکلنے کے بعد ہماری معیشت بہت اچھے انداز میں بڑھ رہی تھی، گزشتہ سال ہماری شرح نمو 6 فیصد تھی جو اس سال بھی ہوگی۔

قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اس لیے یہ بات خوش آئند ہے کہ اس وقت ہم معیشت کو سست کرنے کے قابل ہوگئے ہیں، اس پر ہم نے کام بھی شروع کردیا ہے، شرح سود بڑھا دی ہے، اس طرح کے حالات کا سامنا کرنے والے دیگر ممالک سے موازنہ کیا جائے تو اسٹیٹ بینک نے بہت مؤثر انداز میں شرح سود میں اضافہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو اپنا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف

انہوں نے کہا کہ سب سے اہم چیز یہ ہے کہ آئندہ 12 ماہ میں جس ملک کے پاس آئی ایم ایف پروگرام ہوگا وہ محفوظ رہیں گے اور جن کے پاس نہیں ہوگا وہ بہت دباؤ میں ہوں گے، بڑی مشکل سے بالآخر ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے، اس لیے ہم اتنے خطرے میں نہیں ہیں جتنا لوگ سمجھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹاف لیول معاہدے کو معمولی چیز نہیں سمجھنا چاہیے، یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہوتی ہے، اس کا مطلب ہے کہ آئی ایم ایف کا اسٹاف مطمئن ہے کہ ہم نے اس جائزے کو مکمل کرنے کے لیے تمام شرائط پوری کرلی ہیں، اسٹاف لیول معاہدہ ہوجانے کے بعد بورڈ سے منظوری میں بہت آسانی ہوتی ہے۔

ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا کہ ہمیں بیرون ملک فنانسنگ کی ضرورت ہے لیکن یہ ہمارے دوست ممالک کی جانب سے آنی ہے جس میں آئی ایم ایف بھی ہماری مدد کرے گا، یہ دوست ممالک کئی بار پہلے بھی ہماری مدد کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اچھی طرح اس بات سے واقف ہے کہ اس طرح کے ممالک سے کیسے معاملات طے کرنے ہیں جہاں جمہوری سلسلے میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، اس لیے وہ پاکستان سے بھی معاملات طے کرنا جانتا ہے اور ہم نے بھی ان سے جو وعدے کیے ہیں وہ سب پورے ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے کیے جانے والے تمام معاہدے نبھائیں گے، مفتاح اسمٰعیل

ان کا کہنا تھا کہ ان شا اللہ اگست کے مہینے میں یہ بورڈ میٹنگ بھی ہوجائے گی جس کے بعد ساری دنیا دیکھ لے گی کہ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور لوگوں کے تحفظات بھی دور ہوجائیں گے۔

قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک نے اپنے قائم مقام گورنر کے عہدے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اسٹیٹ بینک کے قائم مقام گورنر کے پاس وہ تمام اختیارات ہوتے ہیں جو ایک مستقل گورنر کے پاس ہوتے ہیں، سوائے اس کے کہ وہ آپ کے کرنسی نوٹ پر دستخط نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تقریباً ڈھائی ماہ سے قائم مقام گورنر کے عہدے پر فائز ہوں، اس دوران ہم نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے 2 اجلاس کیے ہیں، ہمارے 2 بورڈ اجلاس ہو چکی ہیں اور میں نے متعلقہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر جاکر پاکستان کی نمائندگی بھی کی ہے، اس دوران ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات بھی کیے اور ایک اسٹاف لیول معاہدہ بھی منظور کروا لیا جس پر میرے دستخط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ جز وقتی یا کل وقتی گورنر ہوں، گورنر، گورنر ہوتا ہے اور اس کے پاس تمام اختیارات ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کی معیشت کے حوالے سے منفی اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جبکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے، اس پوڈ کاسٹ کا مقصد ان افواہوں کو دور کرنا تھا، اسٹیٹ بینک ایک ذمہ دار ادارہ ہے، میں عوام سے بھی یہی کہوں گے کہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں۔

بالائی کوہستان میں سیلاب کے باعث 50 مکانات بہہ گئے

مجھے ’پرکشش‘ بنانے میں صدف کا ہاتھ ہے، شہروز سبزواری

دوسرا ٹیسٹ: پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے 6 وکٹ پر 315 رنز