لائف اسٹائل

پورٹو ریکن گلوکار رکی مارٹن پر نصف صدی قید کی تلوار لٹکنے لگی

رکی مارٹن کو گھریلو تشدد اور محرم کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے کے الزام میں قانونی کارروائی کا سامنا ہے ۔

کیریبین جزیرے اور امریکا کے ماتحت چھوٹی سی ریاست پورٹو ریکو کے معروف 50 سالہ گلوکار رکی مارٹن کو گھریلو تشدد اور محرم کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے کے الزام میں قانونی کارروائی کا سامنا ہے اور اگر ان پر الزامات ثابت ہوئے تو انہیں نصف صدی قید ہو سکتی ہے۔

اسپینش ویب سائٹ ’مارکا‘ کے مطابق رکی مارٹن پر رواں ماہ جولائی کے آغاز میں ایک نامعلوم شخص نے گھریلو تشدد سمیت استحصال کا مقدمہ دائر کیا تھا، تاہم اب اس متاثرہ شخص کی شناخت سامنے آنے کے بعد معاملہ سنگین ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق پورٹو ریکن جزیرے کے قوانین کے تحت رک مارٹن کے خلاف مقدمہ دائر کرنے والے شخص کی شناخت خفیہ رکھی گئی تھی، تاہم گلوکار کے بھائی نے بھانڈا پھوڑا کہ ان پر الزام لگانے والا شخص کون ہے؟

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلوکار کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ رکی مارٹن کے خلاف گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کا مقدمہ دائر کرنے والا ان کا 21 سالہ بھانجا ڈینس عدیل سنیش ہے۔

ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں دیگر نیوز آؤٹ لیٹس کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گلوکار پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بھانجے کو تعلقات ختم کرنے پر تشدد اور بلیک میلنگ کا نشانہ بنایا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ مقدمہ دائر کرنے والے نوجوان نے اپنی درخواست میں بتایا کہ ان کے اور رکی مارٹن کے درمیان 7 ماہ تک جنسی تعلقات رہے تھے مگر ان کی جانب سے تعلقات ختم کرنے پر گلوکار غصے میں آگئے اور ان پر تشدد کرنے لگے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ مقدمہ دائر کرنے والے نوجوان کے مطابق ان کے ماموں تعلقات ختم کیے جانے کو تسلیم کرنے کو تیار ہی نہ تھے اور ان پر انہوں نے تشدد کرنا شروع کیا، جس پر انہوں نے مجبور ہوکر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی۔

اسی حوالے سے ’فاکس نیوز 3‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ رکی مارٹن پر مقدمہ دائر کرنے والا 21 سالہ نوجوان ان کا بھانجا ہے اور ان کی بہن کا بڑا بیٹا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلوکار اور ان کے بھانجے کے درمیان 7 ماہ تک تعلقات رہے مگر بھانجے کی جانب سے تعلقات ختم کیے جانے پر گلوکار آگ بگولہ ہوئے۔

اسی حوالے سے ’نیو یارک پوسٹ‘ نے بتایا گیا کہ اگر رکی مارٹن پر اپنے بھانجے کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں 50 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

پورٹو ریکن ویب سائٹ ’ایل ویسیرو‘ کے مطابق رکی مارٹن متنازع جنسی رجحانات رکھتے ہیں اور انہوں نے 2017 میں یورپی ملک سوئیڈن کے مرد گلوکار سے شادی کی تھی۔

دوسری جانب رکی مارٹن نے بھانجے کے ساتھ تعلقات کے الزامات کو مضحکہ خیز اور خلاف قدرت قرار دیتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا ہے۔

ان کے خلاف مذکورہ کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہے اور انہوں نے قبل از وقت ضمانت حاصل کر رکھی ہے مگر رواں ماہ کے اختتام تک ان کے خلاف فیصلہ آنے کا امکان ہے۔

ریحام خان کا تیسری شادی کا عندیہ

مداح مہوش حیات کو ’ونڈر وومن‘ میں دیکھنے کے خواہاں

ترکی میں گرفتاری کی خبریں جھوٹی ہیں، حریم شاہ