پاکستان

آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ

ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 1.6 روپے کا اضافہ ہوا، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 208.5 روپے پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
|

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پاکستان کو قرض پروگرام کی بحالی کے لیے معاہدے طے پانے کے نتیجے میں انٹربینک تجارت کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 1.6 روپے کا اضافہ ہوا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز 210.1 روپے پر بند ہونے کے بعد مقامی کرنسی کی قدر میں 1.6 روپے کا اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے ساتھ ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا، آئی ایم ایف

صبح 11 بجکر 40 منٹ پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 208.5 روپے پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے روپے کی قدر میں بہتری کی وجہ پاکستان کے قرضہ پروگرام کی توسیع کو قرار دیا۔

انہوں نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ ہم ڈالر کی قدر میں مزید کمی کی امید کر رہے ہیں جو کہیں کہیں 200 روپے سے نیچے بھی آسکتی ہے۔

ملک بوستان نے یہ بھی کہا کہ خام تیل کی قیمت میں کمی سے ملک کے درآمدی بل کو کم کرنے میں مدد ملے گی، جو بالآخر افراط زر میں کمی کا باعث بنے گی، اس سے معیشت پر دباؤ کم ہو جائے گا، ملک خطرے سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

دریں اثنا تجزیہ کار کومل منصور نے کہا کہ مارکیٹ کو توقع ہے کہ ڈالر 205 روپے یا اس سے نیچے تک آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں اضافے کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی

ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں اضافہ بتدریج ہوگا، ابھی صرف عملے کی سطح پر معاہدہ ہوا ہے، مجھے لگتا ہے کہ جب ایگزیکٹو سطح کا معاہدہ ہو جائے گا تو مارکیٹ حرکت میں آئے گی۔

میٹس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے بھی روپے کی قدر میں اضافے کی وجہ آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے کی تصدیق کو قرار دیا، لیکن انہوں نے کہا کہ امریکی ڈالر اس ہفتے دو دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، ڈالر کے مضبوط رجحان کی وجہ سے روپے کی قدر میں نسبتاً سست اضافہ ہوا۔

آئی ایم ایف معاہدہ

آج آئی ایم ایف نے تصدیق کی کہ اس نے پاکستان کے ساتھ عملے کی سطح کا معاہدہ کیا ہے، یہ معاہدہ اس وقت عمل میں آیا جب حکومت نے آئی ایم ایف کے اس مطالبے کو پورا کیا کہ ملک بیل آؤٹ پیکج کو بحال کرنے کے لیے 152 ارب روپے کا بنیادی بجٹ سرپلس حاصل کرے۔

اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں آئی ایم ایف نے کہا کہ یہ معاہدہ اس کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔

آئی ایم ایف بورڈ کے بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف ٹیم توسیعی فنڈڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تعاون سے چلنے والے پروگرام کے مشترکہ ساتویں اور آٹھویں جائزوں کے اختتام کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے تک پہنچ گئی ہے، یہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔

مزید پڑھیں: گیس کی قیمتوں میں 335 فیصد تک اضافے کی منظوری

انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کی منظوری سے مشروط تقریباً ایک ارب 17 کروڑ ڈالر دستیاب ہو جائیں گے جس سے پروگرام کے تحت کل رقم تقریباً 4.2 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

بین الاقوامی قرض دہندہ نے کہا کہ پاکستان میں آئی ایم ایف کے مشن چیف ناتھن پورٹر کی سربراہی میں ایک ٹیم نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کو حتمی شکل دی اور اس نے جون 2023 کے آخر تک اپنے توسیعی فنڈ سہولت میں اضافے پر غور کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ پروگرام کے نفاذ میں مدد، مالی سال 23 میں پاکستان کی اعلیٰ مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے اور اضافی فنانسنگ کو متحرک کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔