مشکل وقت گزر گیا اب روز خوشخبریاں ملیں گی، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مشکل وقت گزر گیا ہے اور اب عوام کو روز خوش خبریاں ملیں گی، وزیر اعظم شہباز شریف آج عوام کو بڑا ریلیف دینے جارہے ہیں۔
جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بارش ہو رہی تھی، لوگ کیچڑ میں کھڑے تھے اور نواز شریف کی محبت میں عوام باہر نکلے ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: تمام مشکل فیصلے کیے جاچکے، اب اچھا وقت آئے گا، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی گلیاں بنانے، آلو پیاز کے ریٹ کم کرنے، مہنگائی کم کرنے، سڑکیں بنوانے، آپ کے ہسپتال اور اسکول بنانے آئے ہیں، جب تک یہاں ترقی نہیں ہوتی ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جھنگ میں مسلم لیگ (ن) کو جتوائیں اور ہم ترقی کے ڈھیر لگائیں گے، پنجاب کے دشمن کو اٹھا کر باہر پھینکنا ہے، عمران خان کو پنجاب کے عوام کی ترقی ہضم نہیں ہوتی اور چاہتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر فرح گوگی کو مسلط کرے تو یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ آدھے لوگ کہہ رہے ہیں عمران خان چور ہے اور آدھے لوگ کہہ رہے ہیں عمران خان جھوٹا ہے، عمران خان چور بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے، سوائے فرح گوگی اور پیرنی کے عمران خان نے پنجاب کے عوام کو کچھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان ڈھائی مہینوں میں پنجاب میں غریب عوام کو مفت بجلی دی ہے اور آج شہباز شریف عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوئیں، شہباز شریف بہت بڑا ریلیف دیں گے، مریم نواز
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مشکل دور گزر گیا اور اب روز خوش خبریاں آئیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیچہ وطنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف عوام کے لیے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں، یہی عوامی حکمرانی ہوتی ہے کہ جیسے ہی عالمی منڈیوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو وزیر اعظم نے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنے عوام کو ریلیف دوں گا۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ مہنگائی ہوئی تو ہم گھروں میں چھپ کر نہیں بیٹھے مگر میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنی بیٹی کو بھیجا کہ عوام کو بتاؤ کہ ہم نے یہ مشکل فیصلے کیے مگر اب ہم عوام کی تکالیف دور کریں گے۔
شیخو پورہ میں 9 جولائی کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، شہباز شریف چند دنوں میں بہت بڑا ریلیف دیں گے، لوگو! شیر پر بھروسہ رکھنا مہنگائی بھی کم ہوگی۔