شوبز انڈسٹری میں خواتین صنفی تفریق کا شکار ہیں، زارا نور عباس
اداکارہ زارا نور عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ شوبز انڈستری میں بھی خواتین کو صنفی تفریق کا سامنا ہے۔
زارا نور عباس نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستانی معاشرے میں خواتین کے ساتھ ہونے والے امتیاز پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے محسوس کیا ہے کہ عام طور پر خواتین سے زیادہ سوالات کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے ماضی مین اپنی پینٹنگ بنانے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایک عورت کی پینٹنگ اس وقت بنائی تھی، جب انہیں لگا کہ مرد حضرات کے مقابلے خواتین سے گھروں میں بھی زیادہ سوالات کیے جاتے ہیں اور ان کے کردار پر شک کیا جاتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق نہ صرف ان کی ہر بات بلکہ پاکستانی معاشرے کی ہر خاتون کے بیان اور سوچ کو مختلف زاویے سے پرکھا ار دیکھا جاتا ہے اور خواتین کی جانب سے کہی گئی بات پر زیادہ سوالات کیے جاتے ہیں۔
زارا نور عباس کے مطابق خواتین سے کب، کون، کیوں، کس وقت، کس کے ساتھ اور کیا جیسے اور بھی بہت سارے فضول سوالات کیے جاتے ہیں جب کہ مرد حضرات سے ایسا نہیں پوچھا جاتا۔
یہ بھی پڑھیں: زارا نور عباس عید پر اپنی تصاویر شیئر کرنے والی شخصیات سے ناخوش
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر خواتین کو حد سے زیادہ صنفی تفریق کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسی دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں زارا نور عباس نے انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں بھی اداکاراؤں کو صنفی تفریق کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور شوبز میں یہ بہت ہی زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مثال دی کہ اگر کسی ڈرامے کی شوٹنگ پر کوئی مرد اداکار دیر سے آئے گا یا کوئی ٹھیک کام نہیں کرے گا تو ٹیم میں شامل سب مرد ان کے دوست اور ساتھی بن جائیں گے لیکن اگر کوئی اداکارہ تھوڑا سا بھی لیٹ آئی تو اس کی شکایتیں لگائی جائیں گی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ بات درست ہے کہ مرد ٹیم ارکان مرد کے زیادہ بہتر دوست جب کہ خواتین ارکان اداکاراؤں کے زیادہ بہتر دوست بن جاتی ہیں مگر اداکارائیں ہر کسی کی دوست نہیں بن سکتیں، اس لیے ان کے ساتھ صنفی تفریق رکھی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: زارا نور عباس کا حمل ضائع نہیں ہوا تھا، شوہر اسد صدیقی
انہوں نے شوبز انڈسٹری کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ابھی تک اداکاروں کو بنیادی ضروریات بھی میسر نہیں، ہولی وڈ سے مقابلہ تو دور کی بات ہم بولی وڈ اور ٹولی وڈ جیسے بھی نہیں۔
زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ تامل اور دیگر فلم انڈسٹریز آگے کی طرف جا رہی ہیں اور ہم پیچھے کی جانب سفر کر رہے ہیں اور ہمیں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہوتیں۔