پاکستان

17 جولائی کو سیاست کی تاریخ میں گھمسان کی جنگ ہوگی، شیخ رشید

دھاندلی ہوئی تو سیاسی آگ پورے ملک میں پھیل جائے گی، امپورٹڈ حکومت لانے کا مقصد 45 دن میں سب کو معلوم ہوجائے گا، سابق وزیر داخلہ

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران ملکی سیاست کی تاریخ میں گھمسان کی جنگ ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 17 جولائی سیاسی گھمسان کی جنگ کا دن ہے، اگر دھاندلی ہوئی، جھرلو پھرا تو سیاسی آگ پورے ملک میں پھیل جائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت لانے کا مقصد 45 دن میں سب کو معلوم ہوجائے گا، انہوں نے سوال اٹھایا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کو ملک میں واپس آنے سے کس نے روکا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے اعلان کیا کہ 12 جولائی کو رات 8 بجے ٹاؤن شپ لاہور میں چوہدری شبیر کے حلقے پی پی 167 میں جلسے سے خطاب کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہماری حکومت کا ملبہ موجودہ حکومت پر گر گیا، اس ملبے تلے دب کر یہ سیاسی طور پر مرجائیں گے، شیخ رشید

گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ اور ان جیسے دیگر رہنماؤں کا آرمی چیف کی مدت ملازمت اور تعیناتی سے متعلق بیانات دینا قیامت کی نشانی ہے، موجودہ وزیر داخلہ کے بارے میں عابد شیر علی کے والد الزامات لگاتے ہیں کہ وہ 22 افراد کا قاتل ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے موجودہ وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ نے آئی ایم ایف کو تھانہ کوہسار سمجھا ہوا ہے، موجودہ حکومت کے وزرا کو کچھ نہیں پتا کہ کیا ہو رہا ہے، صرف اسلام آباد میں تعیناتیاں اور تقرر ہو رہے ہیں اور ان کے کیسز ختم ہو رہے ہیں، یہ حکمراں ایف آئی اے کی تمام فائلیں اٹھا لائے، سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تو انہوں نے فائلیں راتوں رات واپس منگوائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمراں پاکستان کی سیاست پر خودکش حملہ آور ہیں، ان کی بات کی کوئی اہمیت نہیں ہے، ملک پر 'گینگ آف فائیو' مسلط ہے اور ان کے دس، پندرہ بچوں نے ملک کو یرغمالی بنانے کی سازش کی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ایاز صادق مستعفی ہو کر مہم چلانے جا رہے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ مسلم لیگ (ن) لاہور میں بھی کمزور ہے، ایاز صادق فیصلہ کرلیں کہ ووٹ کو عزت دینی ہے یا لوٹوں کو عزت دینی ہے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) 3 گروپس میں تقسیم ہوگی، شیخ رشید کی نئی پیش گوئی

شیخ رشید نے کہا کہ میں بھی نیب قوانین اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے جارہا ہوں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ایک کروڑ ووٹ ہیں جو پاکستان میں قیمتی زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ملک میں 31 فیصد مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، 45 فیصد گیس کی قمت میں اضافہ ہو اہے، 54 فیصد بجلی مہنگائی کی گئی ہے، 100 روپے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے اور ابھی مزید قیامت خیز مہنگائی کی جانے والی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج عظیم ہے، کبھی قوم پر گولی نہیں چلائے گی، غلطی ہوگئی ہے چوروں کو آگے لاکر، عوام ان کو قبول نہیں کر رہے اور اس غلطی کا ایک ہی ازالہ ہے کہ اکتوبر، نومبر میں صاف، شفاف انتخابات کرائے جائیں اور ان کا جلد اعلان کیا جائے، 17 مئی کو دھاندلی کے بغیر انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا عمران خان کی حکومت کے خلاف سازش کرکے عمران خان کو ہیرو بنادیا گیا، عمران خان کے خلاف سازش بنانے والا بیوقوف تھا اور اس پر عمل کرنے والے اس سے بھی بڑے بیوقوف تھے کہ پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوگئی ہے، ان کے اپنے گھروں میں گھس گئی ہے، سامراجی قوتوں اور ان کے مقامی ہینڈلرز نے اس برے اور غلط طریقے سے کیس لڑا کہ ہم چھا گئے، عمران خان چھا گئے اور ہمارے مخالفین سیاسی طور پر دفن ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: یہ 5 شکلیں جہاں بھی جائیں گی، انہیں گندے انڈے پڑیں گے، شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں لاہور سے اپیل کرنے آیا ہوں کہ ضمنی انتخابات میں 17 جولائی کو ووٹ دیں، 17 جولائی کو جب عمران خان لاہور سے 4 سیٹیں جیتے گا تو لاہور میں لوٹوں کا قبرستان بنے گا، پھر مرکز کے الیکشن کی بھی تیاری ہوگی۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں فوجی علاقے میں رہتا ہوں، جی ایچ کیو میرے حلقے میں آتا ہے، پتا مجھے سب کچھ ہے مگر میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف ایک جانب ہیں جبکہ دوسری جانب نواز شریف نے فیصلے کے لیے 3 روز کا وقت مانگا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن بھی شیطان کو کنکریاں مارنے گئے ہیں جبکہ ہر شخص کو اجازت نہیں ہونی چاہیے شیطان کو کنکریاں مارنے کی، وہ ایک دو کنکریاں یہاں بھی لے کر آئیں، مشق کرکے آئیں، ایک دو شیطان یہاں بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ش) بن کر رہے گی اور میری دی گئی تاریخ پر بنے گی، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ میں خودکش سیاستدان نہیں ہوں کہ اپنے سے بڑے سوال کا جواب دوں، آرمی چیف کی مدت ملازمت جنہوں نے جیسے کرنی ہے اس کا وہ جواب دیں، میں خودکش سیاستدان نہیں بننا چاہتا۔

ضمنی انتخابات میں دھاندلی سے خبردار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر لاہور میں دھاندلی ہوئی تو ملک کو سری لنکا جیسے حالات کا شکار بنانے لیے یہ معاملہ کافی ہوگا، لاہور شہر کی آبادی سری لنکا سے زیادہ ہے، میں جانتا ہوں کہ ملک میں رائے شماری کیسے ہوتی ہے، ملک کی آبادی 22 کروڑ نہیں بلکہ 24 سے 25 کروڑ ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی، مزید ایک مریض جاں بحق

سری لنکا میں کشیدگی کے سبب کولمبو میں قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ

عید الاضحیٰ کا دوسرا روز بارشوں کی نذر، شائقین سینما گھروں کا رخ نہ کرسکے