سائنس و ٹیکنالوجی

شیاؤمی 12 لائٹ فروخت کے لیے پیش

چینی کمپنی نے شائقین کا طویل انتظار ختم کرتے ہوئے فون کو ابتدائی طور پر چند ممالک میں پیش کردیا۔

متعدد لیکس کے بعد بالآخر چینی موبائل کمپنی شیاؤمی نے اپنا اب تک کا بہترین بجٹ فون 12 لائٹ فروخت کے لیے پیش کردیا۔

گزشتہ کئی ہفتوں سے شیاؤمی لائٹ 12 کی متعدد ویڈیوز، تصاویر اور تفصیلات سامنے آ چکی تھیں، جن میں بتایا گیا تھا کہ چینی کمپنی پہلی بار کیمرے کی کوالٹی کو اپڈیٹ کرتے ہوئے اس میں سام سنگ کے کیمرے کی ٹیکنالوجی کو استعمال کرے گی۔

اور اب کمپنی نے لائٹ 12 کو ابتدائی طور پر چند ممالک میں پیش کردیا، فون کے بیک پر 3 کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا 8 اور تیسرا 2 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے۔

فون کے بیک پر دیے گئے کیمروں میں سام سنگ ایچ ایم ٹو کیمرے کی ٹیکنالوجی کا سینسر دیا گیا ہے جب کہ بیک کیمروں میں الٹرا وائڈ کیمرے کا فیچر بھی دیا گیا ہے۔

فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اسے بھی اپگریڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، سیلفی کیمرے میں بھی سام سنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے اور اس میں اپریچر لینس کو بہتر بناتے ہوئے نئے فیچر اور سافٹ ویئرز بھی دیے گئے ہیں۔

شیاؤمی لائٹ 12 کو 6 اور 8 جی بی ریم میں 128 اور 256 جی بی میموری کے ساتھ دو مختلف ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔

فون کی بیٹری قدرے کمزور یعنی 43 ایم اے ایچ کی دی گئی ہے جب کہ اس میں 67 واٹ کا چارجر دیا گیا ہے، فائیو جی سپورٹنگ ٹیکنالوجی کے حامل فون میں طاقتور اسنیپ ڈریگن 778 جی کی چپ اور اینڈرائڈ 12 کا آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

فون کو مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے اور فون کے 6 جی بی ریم ماڈیول کی قیمت پاکستانی 82 ہزار روپے جب کہ 8 جی بی ریم ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 5 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔

ابتدائی طور پر کمپنی نے اس چند ایشیائی ممالک میں پیش کیا گیا ہے، تاہم جلد ہی اسے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

شیاؤمی نے ایس سیریز کے دو فونز پیش کردیے

شیاؤمی کا 'خوبصورت ترین فون' سی وی 1 ایس

شیاؤمی کا اب تک کا سب سے بہترین فون می مکس 4