پاکستان

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوئیں، شہباز شریف بہت بڑا ریلیف دیں گے، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی حکومت اگلے انتخابات تک رہی تو مہنگائی کم، معیشت بہتر اور فتنہ خان کی سیاست تمام ہو جائے گی، نائب صدر مسلم لیگ (ن)
Welcome

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، شہباز شریف چند دنوں میں بہت بڑا ریلیف دیں گے، لوگو! شیر پر بھروسہ رکھنا مہنگائی بھی کم ہوگی۔

شیخو پورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کچھ دن قبل شیخوپورہ آیا تھا اور چھوٹی سی جلسی کرکے چلا گیا، شیخوپورہ نے بتا دیا کہ یہاں شیر کے علاوہ کوئی نہیں آسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی روز ٹی وی پر آکر ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹہ عوام کا سر کھاتا ہے، جھوٹ بول کر، گالیاں نکال کر اور الزام لگا کر چلا جاتا ہے لیکن ڈیڑھ منٹ بھی یہ نہیں بتا سکتا کہ پنجاب والوں کی پچھلے 4 سال میں آپ کی کیا خدمت کی ہے.

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ جھوٹ بولنا آپ کی سرشت میں شامل ہے، اس کے بغیر آپ کی روٹی ہضم نہیں ہوتی، کبھی عوام کو یہ بھی بتا دو کہ چار سال میں عوام کی کیا خدمت کی ہے، ایک ہی منصوبہ بتا دو۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے میگا پروجیکٹ کا نام 'جی پیک' ہے، مریم نواز

انہوں نے کہا شیخو پورہ میں انڈر پاس، سڑکیں اور کالج نواز شریف نے بنائے تھے، میں ڈھائی مہینے کی کارکردگی دکھا سکتی ہوں۔

'مہنگائی کے باوجود عوام کی محبت میں کمی نہیں دیکھی'

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے عمران خان نے جو معاہدے کیے اس کی وجہ سے بجلی، تیل اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، جب میں عوام میں نکلی تو عوام کی محبت اور شفقت میں کوئی کمی نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی پنجاب شیر کے ساتھ کھڑا ہے، لوگ گھبرا نہیں رہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ مہنگائی کس کی وجہ سے ہوئی، شیخوپورہ اور پنجاب کے عوام یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستان کو ہمیشہ مشکلات سے شہباز شریف اور نوازشریف نے نکالا ہے، مسلم لیگ (ن) اب بھی بحرانوں سے نکالے گی۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ آپ کی یہ امیدیں کبھی نہیں ٹوٹنے دیں گے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کے دشمن 'فتنہ خان' کو دکھ ہے کہ پاکستان سری لنکا کیوں نہیں بنا، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان بتاؤ کہ پنجاب تمہیں ووٹ کیوں دے؟ اس لیے ووٹ دے کہ تم پنکی پیرنی اور فرح گوگی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ لگا دو، پنجاب کے عوام کا پیسہ لوٹ لوٹ کر کھاؤ، پنجاب غریب ہو گیا اور فرح گوگی، پنکی پیرنی اور اس کے بچے ارب پتی ہو گئے، اسی لیے راتوں رات فرار ہوگئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے اعلان کیا کہ جو لوگ 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں ان کو آئندہ بل نہیں آئے گا، بجائے اس کے کہ حمزہ شہباز کی نقل کرتا اور خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کی بھی بجلی فری کرتا، وہ عدالت پہنچ گیا کہ غریب کی بجلی جو فری ہوئی ہے اس کو بند کیا جائے۔

'17 جولائی کے بعد پنجاب کے عوام کو بجلی مفت دیں گے'

انہوں نے کہا کہ 75 برسوں میں پہلی بار عوام کو ریلیف مل رہا ہے اور یہ عدالت پہنچ گیا کہ مفت بجلی دینے کے فیصلے کو معطل کیا جائے، پنجاب کی دشمنی میں یہ اتنا آگے چلا گیا کہ جو ریلیف ملنے جا رہا تھا اس نے وہ بھی چھین لیا، فتنہ خان سن لو پنجاب کے والی وارث زندہ ہیں، 17 جولائی تک نہ سہی لیکن اس کے بعد پنجاب کے عوام کو بجلی مفت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کل پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب کے جس حلقے میں بھی ووٹ مانگنے جائے تو اس سے پوچھنا کہ تم نے پنجاب سے دشمنی کیوں کی؟ شہباز شریف نے صرف پنجاب نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے بھی آٹا سستا کیا کیونکہ یہاں سیاست نہیں خدمت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگو! شیر پر بھروسہ رکھنا مہنگائی کم ہوگی، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، شہباز شریف چند دنوں میں بہت بڑا ریلیف دیں گے۔

'فتنہ خان، نواز شریف اور شہباز شریف تمہارے چودہ طبق روشن کریں گے'

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ تم کچھ بھی کر لو، الٹے بھی لٹک جاؤ، نواز شریف اور شہباز شریف غریب کا گھر بھی روشن کریں گے اور فتنہ خان تمہارے چودہ طبق بھی روشن کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگوں کو چور کہتا تھا، اس نے نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، مسلم لیگ (ن) اور مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے، اللہ کی طاقت بہت بڑی ہے، جب کسی بے گناہ پر ظلم ہوتا ہے تو بدلہ آسمان سے لیا جاتا ہے، 75 سال میں یہ پہلا وزیراعظم ہے جس کے اپنے لوگوں نے اسے اسمبلی سے مار مار کر باہر پھینکا۔

مریم نواز نے کہا کہ طیبہ گل روزانہ ٹی وی پر آکر روتی ہے جو چیئرمین نیب کے خلاف ویڈیو لے کر عمران خان کے پاس گئی تھیں کہ مجھے انصاف دیا جائے، غضب خدا کا کہ ایک نہتی عورت کو انصاف نہیں ملا جبکہ اس سے وہ ویڈیو بھی لے لی اور اس کو ڈیڑھ مہینے تک حبس بے جا میں وزیر اعظم ہاؤس میں رکھا، اسی وزیراعظم ہاؤس میں، جس کو یہ کہتا تھا کہ یونیورسٹی بنا دوں گا، اس نے بلیک ملینگ کا اڈہ بنا دیا۔

مزید پڑھیں: اداروں کو گندی سیاست میں گھسیٹنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ اس نے طیبہ گل سے وہ ویڈیو لی اور چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنا شروع کردیا کہ میرے لوگوں کو چھوڑو اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر مخالفین پر مقدمے بناؤ، ورنہ تمہیں بلیک میل کروں گا، اس کے بعد پی ٹی آئی کے لوگوں پر مقدمے ختم ہونا شروع ہوگئے اور مسلم لیگ (ن) کے لوگوں پر مقدمات تیز ہونا شروع ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے سب سامنے آگیا، پنجاب کے عوام تمہاری سیاست کو 17 جولائی کو دفن کرنے جارہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ سمجھتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اگر اگلے انتخابات تک رہ گئی تو مہنگائی بھی کم ہو جائے گی، معیشت بہتر ہوگی اور فتنہ خان کی سیاست ہمیشہ کے لیے تمام ہو جائے گی۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ

کراچی: موسلا دھار بارش، کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق

ایک ٹیلی فون جس کا نمبر نہیں آتا، وہاں سے دھمکیاں دی جاتی ہیں، عمران خان