کھیل

بحیثیت کپتان میرا مقصد میچ جیتنا ہے، بابر اعظم

سری لنکا کی کنڈیشنز کی مناسبت سے اچھی تیاری کی ہے، جب تک 20 کھلاڑیوں کو آؤٹ نہیں کریں گے، میچ نہیں جیت سکتے، کپتان قومی ٹیم

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم نے سری لنکا کی وکٹوں اور کنڈیشنز کی مناسبت سے اچھی تیاری کی ہے اور بحیثیت کپتان میرا مقصد میچ جیتنا ہے تو وہاں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ 2015 کے بعد ہم اب سری لنکا جا رہے ہیں، ہم نے وہاں کی وکٹوں کی مناسبت سے تیاری کی ہے اور ہمیں وہاں کی کنڈیشنز کا پتا ہے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا سے سیریز کیلئے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، یاسر شاہ کی واپسی

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں یاسر شاہ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ محمد نواز کے ساتھ ساتھ آغا سلمان بھی ہمارے پاس ہیں، وہاں وکٹیں اسپن کو سپورٹ کریں گی، مجھے اپنے فاسٹ باؤلرز پر بھی اعتماد ہے کیونکہ وہ بھی حریف ٹیم پر حاوی رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بیٹسمین اچھی فارم میں لگ رہے ہیں، ابھی پریکٹس میچز میں انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لہٰذا امید ہے کہ وہ اچھا پرفارم کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں بابر نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس میں دو تین ہی سینئر کھلاڑی ہیں، ہوم گراؤنڈ پر ہر ٹیم خطرناک ہوتی ہے اور سری لنکا کی یہ ٹیم جانتی ہے کہ انہیں اپنی کنڈیشنز میں کیسے کھیلنا ہے لیکن ہم ان کے بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کی منصوبہ بندی کریں گے کیونکہ جب تک ہم 20 کھلاڑیوں کو آؤٹ نہیں کریں گے، ہم میچ نہیں جیت سکتے۔

ٹیسٹ کرکٹ کے بدلتے ہوئے رجحان اور جارحانہ انداز میں بلے بازی کے حوالے سے پاکستان کی حکمت عملی کے بارے میں سوال پر بابر نے کہا کہ ہر چیز میں وقت لگتا ہے، ہمیں میدان میں صورتحال کی مناسبت سے کھیلنا پڑتا ہے، کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہدف حاصل کیا جائے، ہم بطور ٹیم اس بات پر بھی توجہ دے رہے ہیں کہ چاہے کیسی ہی صورتحال کیوں نہ ہو، ہمیں مثبت کرکٹ کھیلنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے دورہ سری لنکا سے ون ڈے سیریز ختم کر دی گئی

ان کا کہنا تھا کہ شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کیمپ میں آکر فاسٹ باؤلرز سے بات چیت کی، ان کو اعتماد بخشا تو میرے خیال میں انہوں نے وہاں باؤلرز کی کافی مدد کی اور انہیں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔

شان مسعود کو مڈل آرڈر میں کھلانے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی ہم سری لنکا جائیں گے تو وہاں سائیڈ میچ ہے، مختلف کامبی نیشن سے کھیلیں گے، ہم بہترین ٹیم میدان میں اتاریں گے اور اگر ہمیں لگا کہ شان مسعود موزوں ہے تو ہم انہیں ضرور کھلائیں گے۔

دوران پریس کانفرنس ایک صحافی نے سوال کیا کہ کچھ دن قبل چیئرمین پی سی بی رمیز راجا یہاں آئے تھے تو ان کا کہنا تھا کہ بابر اینڈ کمپنی بڑا اچھا پرفارم کر رہی ہے جس کی وجہ سے نہ تنقید ہو رہی ہے اور نہ مجھے ہٹانا چاہیے، اگر سری لنکا میں بابر اینڈ کمپنی ہارتی ہے تو کیا توپوں کا رخ آپ کی اور ان کی جانب ہو گا تو کیا اس کے بعد تبدیلی کا کوئی امکان نظر آ رہا ہے؟ اس سوال پر بابر نے برجستہ جواب دیا کہ تو کیا آپ اس چیز کا انتظار کر رہے ہیں کہ ہم کچھ غلط کریں؟ آپ خوش ہوں ناں کہ بطور ٹیم پاکستان کا نام روشن ہو رہا ہے اور ہم اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، سب کو خوش ہونا چاہیے لیکن میرے خیال سے آپ خوش لگ نہیں رہے کہ ہم اچھا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف سری لنکا کے خلاف میچ جیتنا اور پوائنٹس حاصل کرنا ہے، جب ہم میچ کا سوچتے ہیں تو خود بخود رنز کرتے ہیں لیکن بحیثیت کپتان میرا مقصد میچ جیتنا ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹورٹ براڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کا مہنگا ترین اوور کرا دیا

فہیم اشرف کے بارے میں سوال پر بابر نے کہا کہ وہ ہمارا بہترین آل راؤنڈر ہے اور ان کی موجودگی سے ٹیم کا کامبی نیشن بھی اچھا بن جاتا ہے جس سے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود پارٹ ٹائم باؤلنگ کی پریکٹس کر رہا ہوں، پریکٹس بھی کر رہا ہوں لیکن فینز اس وقت خود ہوتے ہیں جب ہم میچ جیت جاتے ہیں اور اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں تو کوشش یہی ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلی جائے، نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن کوشش ہمارے ہاتھ میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آف اسپنر ساجد خان اپنے ایکشن پر تھوڑا کام کر رہے ہیں، انہیں ٹیم سے باہر رکھنا ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن یاسر شاہ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تو اس وجہ ہم نے فیصلہ لیا، مجھے بھی لگتا ہے کہ اسے ٹیم میں ہونا چاہیے تھا لیکن ہم نے ایک بہترین ٹیم منتخب کرنے کی کوشش کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دو میچز گال اور کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کوہلی سے میدان میں جھگڑے کے بعد بیئرسٹو نے سال کی پانچویں سنچری جڑ دی

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال جبکہ دوسرا 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز 26 جون سے راولپنڈی میں ہوگا جبکہ اسکواڈ 6 جولائی کو سری لنکا روانہ ہوگا۔

شاہین شاہ آفریدی خیبر پختونخوا پولیس کے خیر سگالی سفیر مقرر

ڈینگی کا شکار بنانے والے مچھر خاص ’بُو‘ کے دلدادہ ہیں، تحقیق

عازمین حج کی رہنمائی کیلئے اردو سمیت 14 زبانوں میں ای گائیڈ بکس جاری