واٹس ایپ ’آن لائن اسٹیٹس‘ کو چھپانے کے فیچر پر کام کرنے میں مصروف
دنیا کی مقبول ترین انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے ایک نیا فیچر تیار کیا جارہا ہے جو صارفین کو اپنا آن لائن اسٹیٹس چھپانے کی اجازت دیتا ہے۔
صارفین کی جانب سے طویل عرصے سے سماجی رابطے کے اس پلیٹ فارم پر آن لائن اسٹیٹس کو چھپانے کا فیچر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
اب بالآخر واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظررکھنے والی سائٹ ’ویب ایٹ آل انفو‘ نے تصدیق کی ہے کہ صارفین کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے آخر کار واٹس ایپ ایک ایسے فیچر پر کام رہا ہے جو ہمیں یہ انتخاب کرنے کا اختیار دے گا کہ واٹس ایپ پر ہمیں کون کون آن لائن دیکھ سکتا ہے۔
مذکورہ فیچر صارفین کو مستقبل میں ریلیز ہونے والے واٹس ایپ کے اپڈیٹ ورژن میں فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
دریں اثنا واٹس ایپ کی جانب سے چند بیٹا صارفین کے لیے میسج ڈیلیٹ کرنے کے وقت کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے، دیگر صارفین کے لیے بھی یہ فیچر جلد متعارف کروایا جائے گا۔
فی الوقت واٹس ایپ کے میسجز ڈیلیٹ کرنے کے دورانیے کی حد ایک گھنٹہ، 8 منٹ اور 16 سیکنڈ تھی لیکن نئے فیچر میں یہ حد 2 دن اور 12 گھنٹے ہوگی۔
مزید پڑھیں: واٹس ایپ کے وہ نئے فیچرز جو اس ایپ کو بدل دیں گے
حال ہی میں واٹس ایپ نے رواں برس مئی میں متعارف کرائے گئے نئے فیچر ’ری ایکشن‘ کو مزید بہتر بنا دیا ہے، واٹس ایپ انتظامیہ اس وقت دیگر کئی فیچرز پر بھی کام کرنے میں مصروف ہے۔
گزشہ ماہ کے آغاز میں واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے میسیج کو انڈو اور ایڈٹ کرنے کے فیچرز پر بھی کام کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے ذریعے صارفین کے پاس پیغامات غلطی سے ڈیلیٹ کرنے کے بعد انہیں واپس حاصل کرنے اور پیغامات بھیجنے کے بعد ان میں ترمیم کرنے کا اختیار ہوگا۔
فی الحال واٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغامات کو صرف ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے لیکن اس کو ایڈٹ کرنا ممکن نہیں تاہم اس نئے فیچر کے متعارف ہونے کے بعد صارفین پیغامات بھیجنے کے بعد ان میں ترمیم بھی کرسکیں گے۔