لائف اسٹائل

مالی مشکلات کے باعث فلم ’سینٹی اور مینٹل‘ تاخیر کا شکار

فلم پر 2018 میں کام شروع کیا گیا تھا اور 2019 میں اس کی نصف شوٹنگ مکمل کرلی گئی تھی۔

مالی مشکلات کے باعث تاخیر کا شکار رومانٹک کامیڈی فلم ’سینٹی اور مینٹل‘ کی ہدایت کارہ اور لکھاری یاسرہ رضوی کو شوبز شخصیات اور مداحوں نے مالی مدد کی پیش کش کردی۔

بولڈ ویب سیریز ’چڑیلز‘ سے شہرت حاصل کرنے والی یاسرہ رضوی نے یکم جولائی کو سینٹی اور مینٹل‘ کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے مبہم انداز میں مالی مسائل کا ذکر کیا۔

یاسرہ رضوی نے فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ سینٹی اور مینٹل‘ کو بنانے کے لیے ان کا بہت سارا وقت اور پیسہ لگا، تاہم انہیں اس پر کوئی افسوس نہیں، کیوں کہ انہوں نے مذکورہ منصوبے سے بہت کچھ سیکھا۔

انہوں نے لکھا کہ سینٹی اور مینٹل‘ کو بنانے کے دوران شاید ان کا پیسہ اور وقت اس لیے برباد ہوا کہ مذکورہ فلم یا تو بہت اچھی نہیں تھی یا پھر انہوں نے اسے بنانے کے دوران بہت کچھ سیکھا، جس وجہ سے فلم ریلیز نہ ہوسکی۔

یاسرہ رضوی نے لکھا کہ اگرچہ سینٹی اور مینٹل‘ نے انہیں مشکلات میں ڈالا مگر وہ اتنی بھی پریشان نہیں ہوئیں، جتنا دوسرے لوگ سوچ رہے ہیں۔

اداکارہ اور فلم ساز نے اگرچہ واضح طور پر یہ نہیں لکھا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے ان کی فلم تاخیر کا شکار ہے، تاہم ان کی جانب سے مبہم انداز میں مالی مسائل کا ذکر کرنے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مدد کی پیش کش کردی۔

یاسرہ رضوی کی پوسٹ پر فلم ساز مہرین جبار نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں اور ان سے پوچھا کہ وہ ان کی کس طرح مدد کر سکتی ہیں؟

مہرین جبار نے اداکارہ کی فلم کی تعریف کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ وہ ان کی کس طرح مدد کر سکتی ہیں؟

ان کے علاوہ اداکارہ ثروت گیلانی نے بھی یاسرہ رضوی کو مالی مدد فراہم کرنے کی پیش کش کی اور انہوں نے اداکارہ کو تجویز دی کہ وہ ایک بینک اکاؤنٹ کھولیں تاکہ پاکستانی لوگ ان کی مدد کر سکیں۔

ثروت گیلانی نے مزید لکھا کہ پاکستانیوں کا دل بہت بڑا ہے، وہ یاسرہ رضوی کی مدد ضرور کریں گے۔

علاوہ ازیں دیگر افراد نے بھی یاسرہ رضوی کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مالی مدد فراہم کرنے کی پیش کش کی۔

حالیہ پوسٹ سے قبل دسمبر 2021 میں یاسرہ رضوی نے ڈان امیجز کو بتایا تھا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے ان کی فلم ’سینٹی اور مینٹل‘ تاخیر کا شکار ہے۔

انہوں نے مذکورہ فلم پر 2018 میں کام شروع کیا تھا اور 2019 میں اس کی شوٹنگ شروع کردی گئی تھی مگر پھر کورونا کی وبا کے آنے کے باعث اس کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی تھی۔

رومانٹک کامیڈی فلم کی کاسٹ میں عرفان کھوسٹ، لیلیٰ زبیری، لیلیٰ واسطی، سیفی حسن، نمرہ بچہ، بیو ظفر، آرز احمد اور فریال محمود سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

فلم کی کہانی یاسرہ رضوی نے لکھی ہے جب کہ انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں۔

فیصل قریشی کا ’سوری اے لو اسٹوری‘ فلم ریلیز نہ کرنے کا اعلان

افسردہ لوگوں کا علاج ڈھونڈنے کیلئے سائنسدان کوشاں

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے خضر معظم کیلئے امریکا کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ