’کریم کار‘ میں بیک وقت 3 مختلف صارف سفر کرسکیں گے، خصوصی سروس متعارف
پاکستان میں رائیڈ شیئرنگ اسٹارٹ اپ کریم نے ایک پریس ریلیز میں خصوصی طور پر کارپوریٹ صارفین کے لیے اپنی سروس میں کارپولنگ فیچر شامل کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کارپولنگ سروس میں ایک کار بیک وقت 3 صارفین کے لیے دستیاب ہوگی جس کے تحت قریب رہنے والے ایک ہی کمپنی کے ملازمین کو ان کے روزانہ کے دو طرفہ سفر کی ایک بہتر سہولت مل سکے گی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’اس سروس کو فی الحال متعدد نامور ادارے استعمال کر رہے ہیں جن میں نیسلے، سیفائر، پیکجز، بی اے ایس ایف، ساڈا ٹیک، اکاسکس، ریپیئر ڈیسک وغیرہ شامل ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: کریم نے پاکستان میں فوڈ ڈیلیوری سروس معطل کردی
کریم نے مکمل اور آدھے دن کا سروس ماڈل بھی متعارف کرایا ہے جو صارفین کو بالترتیب 12 گھنٹے اور 6 گھنٹے کے لیے گاڑی اور کریم کیپٹن کی خدمات حاصل کرنے کی آزادی دیتا ہے۔
اس دوران صارفین کریم سروس کے غیر فعال علاقوں میں بھی سفر کر سکتے ہیں اور ان شہروں میں بھی سواری لے جاسکتے ہیں جہاں کریم سروس دستایب نہیں۔
کریم کی جانب سے ایک اور فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت کمپنیاں کریم کی کارپوریٹ سروس کے تمام فوائد حاصل کرسکتی ہیں اور اس کا بل ’بل ٹو کمپنی (بی ٹی سی)‘ یعنی متعلقہ کمپنی کو بھیجنے کی بجائے براہ راست ملازمین کو بھیجا جاسکے گا۔
مزید پڑھیں: کریم رائیڈ اب انٹرنیٹ کے بغیر بک کرانا ممکن
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ سروس پہلے سے ہی پاور سیمنٹ، پی آئی سی جی، ہیپیگ لائڈ، سیلزفلو، میپل لیف اور دراز جیسی کمپنیاں استعمال کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کریم کی جانب سے یہ سروس ایسے وقت میں متعارف کروائی جارہی ہے جب پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں مسلسل 3 بار اضافے کے بعد آسمان کو چھو رہی ہیں۔
دوسری جانب رواں ماہ کے آغاز میں ملٹی نیشنل ٹرانسپورٹ آپریٹنگ سروس ’سیول‘ نے پاکستان بھر میں اندرون شہر ٹرانسپورٹ سروس بند کرنے کا اعلان کردیا۔