فٹ بال ورلڈ کپ قطر کے 12 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت
قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے 12 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت ہوگئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی فروخت کے تازہ ترین مرحلے میں اب تک اپریل آخر میں 2 کروڑ 35 لاکھ ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: قطر کا ورلڈ کپ کیلئے آنے والے شائقین کی ٹینٹ میں میزبانی کا فیصلہ
فیفا کے مطابق یہ درخواستیں ارجنٹینا، برازیل، انگلینڈ، فرانس، میکسیکو، قطر، سعودی عرب اور امریکا سے موصول ہوئیں۔
قطر کی ڈیلیوری اینڈ لیگیسی کے لیے سپریم کمیٹی کے سیکریٹری جنرل حسن الذوادی کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں 12 لاکھ ٹکٹس پہلے ہی خرید لی گئی ہیں، لوگ ٹکٹ خرید رہے ہیں اور یہاں آنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نومبر سے دسمبر کے درمیان 28 روزہ ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی طور پر 20 لاکھ ٹکٹس دستیاب ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کی ٹکٹس خریدنے کا اگلا موقع پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پرملے گا لیکن تاحال اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ورلڈ کپ کے کوالیفیکیشن میچز اب ختم ہوچکے ہیں اور تمام 32 ٹیموں کی تصدیق ہوچکی ہے۔
میزبان قطر کو توقع ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران 12 لاکھ سے زائد افراد ان کے ملک میں آئیں گے جو ملک کی مجموعی آبادی کا نصف ہے۔
بلومبرگ کے زیرانتظام قطر اکنامک فورم میں حسن الذوادی نے کہا کہ منتظمین قیمتوں میں ردو بدل کرنے والے مداحوں سے ٹورنامنٹ کو بچانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ مقامی کاروباری افراد کو منافع ہو اور ساتھ ورلڈ کپ مداحوں کے لیے قابل رسائی ہو۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2022 میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹ بال استعمال ہوگی
قطر کے محکمہ سیاحت کے حالیہ اندازوں کے مطابق خلیجی ملک میں لاگت اور سہولیات کی دستیابی بنیادی توجہ کا حامل ہے کیونکہ قطر میں ہوٹلوں میں 30 ہزار سے کچھ زیادہ کمروں کی تعداد ہے، جن میں سے 8 فیصد فیفا کے مہمانوں کے لیے مختص ہیں۔
حسن الذوادی کا کہنا تھا کہ سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے ہم مختلف کیٹگریز میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، قابل رسائی کیٹگری میں فائیو اسٹارز ہوٹلز جیسی سہولیات پر ایک رات کے 80 ڈالر سے 100 ڈالر رینج ہے۔
رپورٹ کے مطابق قطری حکومت نے فٹ بال کے شائقین کے لیے ہوٹلوں کے علاوہ ولاز اور اپارٹمنٹس میں 65 ہزار کمروں کا انتظام کیا ہے اور دوہا پورٹ میں 4 ہزار کمرے دو بحری جہازوں میں مختص کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ رواں برس نومبر میں شروع ہوگا اور 21 نومبر کو پہلا میچ میزبان قطر ارو ایکواڈور کے سرمیان البیت اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت کرنے والی 32 ٹیموں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ میں شامل تمام 4 ٹیمیں آپس میں ایک،ایک میچ کھیلیں گی، 9 دسمبر کو کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز ہوگا جبکہ 13 اور 14 دسمبر کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ کپ کا فائنل 18 دسمبر کو لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔