آئی ایم ایف ڈیل میں تاخیر روپے پر بھاری، ڈالر 212 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
روپے کی گرتی قدر کے دوران امریکی ڈالر نے نئے ریکارڈ قائم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران مقامی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر 212 روپے تک پہنچ گیا۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق روپے کی قدر میں 2 روپے سے زائد کی کمی ہوئی اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 212 روپے کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا جو گزشتہ روز 209 روپے 96 پسے پر تھا۔
مالیاتی ڈیٹا اور تجزیاتی ویب پورٹل میٹیس گلوبل کے مطابق گزشتہ ہفتے مسلسل 5 سیشنز کے دوران روپے کی قدر میں 6.4 روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: گرے لسٹ سے اخراج کی امید، 100 انڈیکس میں 520 پوائنٹس کا اضافہ
ٹریس مارک میں ریسرچ کی سربراہ کومل منصور نے روپے کی گرتی قدر کے حوالے سے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ ملک اب مکمل طور پر آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج پر انحصار کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ 211 کی قدر کے قریب کچھ سپورٹ موجود ہے لیکن ہم روزانہ کی بنیاد پر روپے کی قدر میں بتدریج کمی دیکھ رہے ہیں اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط نہیں ہو جاتے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کا قرض پروگرام اپریل کے اوائل سے ہی تعطل کا شکار ہے جب کہ پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ مذاکرات بے نتیجہ رہے ہیں۔
عالمی قرض دہندہ ادارے نے پہلے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ایندھن اور توانائی کی سبسڈی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اب نئی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال میں مقرر کردہ اہداف پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ کے بعد ڈالر 204 روپے کی تاریخی بلندی پر، اسٹاک مارکیٹ میں بھی 1100 پوائنٹس سے زائد کی کمی
پاکستان نے جولائی 2019 میں آئی ایم ایف کے ساتھ 39 ماہ کے 6 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ پروگرام پر دستخط کیے تھے لیکن عالمی مالیاتی ادارے نے تقریباً 3 ارب ڈالر کی قسط اس وقت روک دی تھی جب گزشتہ حکومت نے اپنے وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے ایندھن اور توانائی پر سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے امید ظاہر کی تھی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی بحالی کے لیے معاہدہ ایک یا دو روز میں طے ہو جائے گا۔
وزیر خزانہ کی جانب سے یہ امید ظاہر کیے جانے سے قبل ڈان کی ایک رپورٹ میں سفارتی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ امریکا نے پاکستان کی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے لیے مذاکرات میں مدد کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے توسیعی فنڈ پروگرام کی بحالی کے لیے واشنگٹن کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جب کہ آئی ایم ایف کا سب سے بڑا شیئر ہولڈر ہونے کی حیثیت سے امریکا کا عالمی مالیاتی ادارے کی فیصلہ سازی پر کافی اثر و رسوخ ہے۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا دباؤ
ایف اے پی کے چیئرمین ملک بوستان نے زرمبادلہ کے تیزی سے کم ہوتے ذخائر کو روپے پر دباؤ کی بڑی وجہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: انٹر مارکیٹ میں ڈالر 203 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو کر واحد ہندسے پر آگئے ہیں جس کے باعث مارکیٹ میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر میں مزید 23 کروڑ 4 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے جو مجموعی طور پر 15 ارب ڈالر سے کم رہ گئے ہیں جب کہ ان ذخائر میں مرکزی بینک کا حصہ 9 ارب ڈالر سے بھی کم ہے۔
ملک بوستان نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کی دوسری بڑی وجہ رواں حج سیزن کی وجہ سے ڈالر کی زائد طلب ہے، اس سال 4 لاکھ سے زائد پاکستانی حج پر جا رہے ہیں اور وہ اس سلسلے میں ڈالر خرید رہے ہیں جس سے مقامی کرنسی پر برا اثر پڑ رہا ہے۔
ایل سی بند ہونے کی افواہیں
اس سے قبل ڈان کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کرنسی مارکیٹ غیر یقینی صورتحال اور افواہوں کی لپیٹ میں ہے کہ بینکوں نے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) کھولنا بند کر دیے ہیں۔
تاہم مرکزی بینک کی جانب سے اس طرح کی افواہوں کی تردید کی گئی۔
اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک کے چیف ترجمان عابد قمر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو درآمدی ادائیگیوں سے نہیں روکا، آج بھی تقریباً 20 کروڑ ڈالر کی درآمدی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ایک ماہ کے دوران بڑا اضافہ
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایل سیز کھولنے یا کچھ خاص قسم کی درآمدات جیسے کاروں (سی کے ڈی) سیل فونز اور مخصوص قسم کی مشینری کے لیے معاہدوں کی رجسٹریشن سے قبل اسٹیٹ بینک کی پیشگی منظوری کی ضرورت ہے لیکن یہ ہدایات آج نہیں بلکہ 20 مئی کو جاری کی گئی تھیں۔
اس سلسلے میں 20 مئی کو اسٹیٹ بینک نے وفاقی حکومت کی جانب سے لگژری اور غیر ضروری اشیا کی درآمد پر پابندی کے فیصلے کے بعد ایک سرکلر جاری کیا تھا۔
اس فیصلے کا مقصد ملک کی معیشت کو درآمدی مہنگائی سے بچانے کے ساتھ ڈالر کم خرچ کرنا تھا کیونکہ اب تک ملک کا درآمدی بل پہلے ہی 70 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔