دنیا

بھارت میں لگاتار دوسرے دن 12 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 847 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جمعرات کی صبح سے اب تک 14 افراد وائرس کی وجہ سے ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس کے تقریباً 13 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے ملک میں وائرس کی زد میں آنے والے افراد کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 32 لاکھ 70 ہزار 577 ہوگئی ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارت کی وفاقی وزارت صحت سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں لگاتار دوسرے دن 12 ہزار سے زائد کووڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں گزشتہ روز 12 ہزار 213 اور آج 12 ہزار 847 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں کووڈ کے نئے بحران کا خدشہ، دہلی میں رات کا کرفیو نافذ

پڑوسی ملک میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح 2.47 فیصد ہے جبکہ ہفتہ وار مثبت کیسز کی شرح2.41 فیصد ہے۔

بھارت میں جمعرات کی صبح سے اب تک 14 افراد وائرس کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 817 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 7 ہزار 985 افراد صحتیاب بھی ہوئے۔

اس وقت بھارت میں 63 ہزار سے زائد فعال کیسز موجود ہیں اور 24 گھنٹے کے دوران فعال کیسز کی تعداد میں 4 ہزار 848 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔

اس دوران سب سے زیادہ متاثر دارالحکومت نئی دہلی ہوا ہے جہاں گزشتہ 10 دن کے دوران 7 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور 15 جون تک مثبت کیسز کی شرح بھی 7 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'بھارت میں کورونا سے اموات سرکاری اعداد وشمار سے 10 گنا زیادہ ہوسکتی ہیں'

ملک میں بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود محکمہ صحت کے حکام نے وائرس کی ایک اور لہر کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔

چین میں کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

چین میں کووڈ 19 کی صورتحال کچھ بہتر ہوئی ہے البتہ کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

وزارت صحت کے مطابق دارالحکومت بیجنگ میں 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بیجنگ میں محکمہ صحت کے عہدیدار لیو ژیاؤفینگ نے کہا کہ چین میں صورتحال قدرے مستحکم ہوئی ہے لیکن وائرس کی نگرانی کے عمل میں نرمی نہیں کی گئی۔

دوسری جانب کووڈ کے کیسز میں کمی کو دیکھتے ہوئے تھائی لینڈ نے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: چین کی زیرو کووڈ پالیسی غیرپائیدار ہے، عالمی ادارہ صحت

تھائی لینڈ نے غیر ملکی شہریوں کے لیے پہلے سے رجسٹریشن کرانے کے عمل کے ساتھ ساتھ ماسک لازمی قرار دینے کی شرط بھی ختم کردی ہے۔

تھائی لینڈ پاس سسٹم کے تحت غیر ملکی شہریوں کو تھائی لینڈ آنے سے قبل حکومت سے اجازت درکار ہوتی تھی، تاہم یکم جولائی سے اسے ختم کیا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ہی تھائی لینڈ میں تمام قسم کی سفری پابندیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

تھائی لینڈ نے ملک میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی شرط بھی ختم کردی ہے البتہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ رش والے مقامات پر احتیاطاً ماسک پہننے کو ترجیح دیں۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا حکم

ڈالر کی اونچی اڑان جاری، 208.5 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا

طویل عرصے بعد شان شاہد کی فلم ’ضرار‘ کا ٹریلر جاری