پاکستان

لیوی میں اضافے کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان

حکومت آئندہ چند ماہ میں آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی اور جنرل سیلز ٹیکس میں اضافہ کرےگی، پیٹرول پمپ مالک

حکومت کے مالی سال کی بجٹ میں ایندھن پر لیوی کا ہدف 22-2021 کے مقابلے 610 ارب سے بڑھا کر 750 ارب تک کرنے کے بعد مالی سال 23-2022 میں ملک بھر میں صارفین کا روز مرہ کا سفر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عوام پہلے سے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 60روپے کے بڑے پیمانے پر اضافے کو ہضم کرنے کے کوشش کر رہے ہیں، یہ اضافہ 2 ہفتوں کے دوران کیا گیا ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کے زندگی گزارنے کے اخراجات پر اضافی دباؤ ڈالا ہے، شہری خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے بلوں کی وجہ سے پہلے ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

کراچی میں ایک پیٹرول پمپ کے مالک سمیر نجمل حسین نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے سابق حکومت پیٹرولیم لیوی میں بتدریج اضافہ کرتی رہی، تاہم حکومت نے صارفین کو کچھ ریلیف دینے کے لیے جنرل سیلز ٹیکس کو ختم کردیا تھا۔

سمیر نجمل نے کہا کہ کچھ ماہ قبل پیٹرول کی قیمتیں 150 روپے سے 160 روپے تک تھیں لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابقہ حکومت نے اس کو 140 روپے فی لیٹر تک کم کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے 3 سے 4 مہینے عوام کے لیے مشکل ہوں گے کیونکہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کرنے کے ساتھ آئل مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس بھی وصول کرے گی۔

سمیر نجمل حسین نے مزید کہا کہ جلد ہی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 25 روپے سے 30 روپے تک اضافہ کیے جانے کا امکان ہے لہٰذا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آنے والے 6 مہینوں میں 280 روپے سے 300 روپے فی لیٹر تک بڑھنے کے امکانات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب رواں برس جنوری میں ڈیزل کی قیمت141روپے 62 پیسے فی یونٹ تھی تو جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) 7.31 روپے تھا جبکہ پیٹرول پر قیمت میں بغیر کسی دعوے (پرائز ڈفرنشیل کلیم، پی ڈی سی) کے ساتھ 17روپے 13پیسے لیوی تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ڈیزل کی قیمت 204روپے 14 پیسے فی لیٹر ہے لیکن اس پر جی ایس ٹی اور پیٹرولیم لیوی مقرر نہیں ہیں، تاہم پی ڈی سی یکم جون کو 53 روپے فی لیٹر کے مقابلے میں 23 روپے فی لیٹر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تیل کی فروخت میں 32 فیصد اضافہ

یکم جنوری کو جب پیٹرول کی قیمت 144روپے 82 پیسے فی یونٹ تھی تو پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس بالترتیب 17روپے 62 پیسے اور 3روپے 53 پیسے فی لیٹر تھا اور اس وقت پی ڈی سی صفر تھا۔

موجودہ وقت میں پیٹرول کی قیمت 209روپے 86 پیسے فی لیٹر ہے مگر پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی صفر ہے، جبکہ یکم جون کو پی ڈی سی 39روپے 32 پیسے فی لیٹر تھا اور 3 جنوری کو 9روپے 32 پیسے فی لیٹر تک تھا۔

سمیر نجمل نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں تیار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مضبوط ہونے کی صورت میں حکومت خاطر خواہ اضافہ کرنے کے بجائے کم از کم پیٹرولیم کی قیمتوں کو برقرار رکھ سکے گی۔

لاہور میں ایک پیٹرول پمپ کے مالک غیاث پراچہ نے کہا کہ حکومت کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جس سے ٹرانسپورٹیشن چارجز میں کم از کم 43 فیصد کمی آئے گی۔

علاوہ ازیں یہ درآمدی ایندھن کی کم مقدار کی بدولت 2ارب 10 کروڑ ڈالر کے درآمدی بل کو بھی کم کرنے میں مدد کرے گی۔

شرمین سیکیورٹیز کے ایک تجزیہ کار کا خیال ہے کہ 23-2022 کا بجٹ ایندھن پر عائد ٹیکس کے ساتھ ساتھ سبسڈی میں کمی کی وجہ سے مہنگائی کو بڑھا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

پیٹرولیم لیوی کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے حکومت کو تیل کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کرنا پڑے گا، خیال رہے اس سال انتخابات ہونے کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر محصولات اور سبسڈیز پر آئی ایم ایف کے تحفظات کو دور کرنے کے اقدامات کا اعلان نہ کرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیوی کی مختص رقم تیل کی قیمتوں کو 250 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کے حکومتی ارادے کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سال 23-2022 کے اوسط صارف پرائس انڈیکس میں افراط زر کی شرح 13.5 فیصد تک بڑھ جائے گی۔

مالی سال 23-2022 کا بجٹ پیش، دفاعی بجٹ میں اضافہ، ماہانہ ایک لاکھ تک تنخواہ پر ٹیکس ختم

حکومت کا فلم اور ڈراما انڈسٹری کے لیے مراعات کا اعلان

زیڈ ٹی اِی نے دو سستے فون متعارف کرادیے