لائف اسٹائل

عامر لیاقت سے تنسیخ نکاح کیلئےعدالت جانے والی دانیہ ملک کا عدت میں بیٹھنے کا اعلان

دانیہ ملک اور عامر لیاقت حسین نے فروری 2022 میں شادی کی تھی،مئی میں دانیہ نے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

ایک روز قبل انتقال کر جانے والے اسکالر و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین سے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کرنے والی ان کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک نے عدت میں بیٹھنے کا اعلان کردیا۔

دانیہ ملک اور عامر لیاقت حسین نے فروری 2022 میں شادی کی تھی مگر گزشتہ ماہ مئی میں دانیہ ملک نے ان سے تنسیخ نکاح کے لیے صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

دانیہ ملک نے شادی کے تین ماہ بعد ہی تنسیخ نکاح کے لیے عدالت جانے کے بعد عامر لیاقت پر سنگین الزامات بھی لگائے تھے۔

تاہم اب انہوں نے عامر لیاقت کے انتقال کے بعد عدت میں بیٹھنے کا اعلان کرنے سمیت دعویٰ کیا ہے کہ ان کے اور ٹی وی میزبان کے درمیان صلح کے لیے باتیں آخری مراحل میں تھیں۔

دانیہ ملک نے عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی والدہ اور ٹی وی میزبان کے درمیان تقریبا یومیہ بات ہوتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ عامر لیاقت انہیں انسٹاگرام پر ذاتی پیغامات بھی بھجواتے تھے اور انہوں نے ان سے صلح کے لیے کچھ وقت مانگا تھا اور تقریبا ان کی صلاح کی باتیں مکمل ہو چکی تھیں۔

دانیہ ملک نے انٹرویو کے دوران سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عامر لیاقت کو معاف کردیا۔

ان کے مطابق ان کے اور عامر لیاقت کے درمیان صلح ہونے جا رہا تھا کہ اچانک ان کا انتقال ہوگیا اور ہر برا وقت گزر جاتا ہے۔

انہوں نے شوہروں سے ناراض ہونے والی بیویوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ کوشش کرکے اپنے خاوندوں کو خوش رکھنے کی کوشش کیا کریں۔

علاوہ ازیں انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں عامر لیاقت کے انتقال کے بعد لوگوں کی جانب سے کیے گئے سخت الفاظ والے پیغامات کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے۔

ان کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس میں لوگوں نے ان کے خلاف سخت زبان کا استعمال کیا اور انہیں یاد دلایا کہ عدت میں بیٹھنے والی خاتون خاموشی سے گھر میں بیٹھتی ہیں، وہ ٹی وی والوں کو انٹرویو نہیں دیتی؟

انہوں نے لوگوں کے رویے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور لکھا کہ یہی لوگ عامر لیاقت کو بھی برا بھلا کہتے تھے۔

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

کیا عامر لیاقت ایک روز قبل پاکستان چھوڑنے والے تھے؟

عامر لیاقت کے انتقال پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس