محمد حسنین کا ایکشن قانونی قرار، باؤلنگ کی اجازت مل گئی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو دوبارہ ہر قسم کی کرکٹ میں باؤلنگ کی اجازت مل گئی ہے۔
باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کے دوران ان کے بازو کا خم 15 ڈگری سے کم رپورٹ ہوا لہٰذا اب حسنین باؤلنگ کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار
محمد حسنین کو آئی سی سی سے منظور شدہ لاہور کے ٹیسٹنگ سینٹر میں دیے گئے باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کے بعد معطل کردیا گیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نے 21 جنوری کو دیے گئے اس ٹیسٹ کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد محمد حسنین کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔
محمد حسنین نے آئی سی سی سے منظور شدہ لاہور کے ٹیسٹنگ سینٹر میں 21 مئی کو دوبارہ باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ دیا اور کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نے اس رپورٹ کا بھی جائزہ لینے کے بعد اس کی تصدیق کی۔
باؤلنگ ایکشن درست قرار دیے جانے کے بعد حسنین کی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شمولیت کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 19 جنوری کو محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن اس وقت مشکوک رپورٹ ہوا تھا جب وہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں کھیل رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بگ بیش لیگ میں حسنین کا باؤلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ
حیدر آباد میں پیدا ہونے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر نے آسٹریلیا کی ٹی20 بگ بیش لیگ میں یادگار ڈیبیو کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں 3 وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں 4 چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔
آئی سی سی قوانین کے تحت باؤلر کا ایکشن 15 ڈگری کے زاویے کے اندر ہونا چاہیے۔
محمد حسنین، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا اہم حصہ تصور کیے جاتے ہیں اور اب تک 8 ون ڈے میچوں اور 18 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔