کھیل

بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

قومی ٹیم کے کپتان دوسری مرتبہ لگاتار تین سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری کی بدولت نئے ریکارڈز اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

گزشتہ روز ملتان میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو فتح کے لیے 305 رنز کا ہدف دیا تھا۔

بابر اعظم کے کیریئر کی 17ویں سنچری کی بدولت پاکستان نے ہدف چار گیندوں قبل حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

اس اننگز کے دوران بابر نے بطور کپتان ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کر لیے اور سب سے کم اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

بابر اعظم نے کپتان بننے کے بعد محض 13ویں اننگز میں ایک ہزار رنز بنا کر یہ ریکارڈ بنایا، اس سے قبل یہ اعزاز مایہ ناز بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے یہ کارنامہ 17 اننگز میں انجام دیا تھا۔

اس اننگز کے ساتھ ہی بابر اعظم دو مواقع پر لگاتار تین سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔

ون ڈے اور ٹی20 رینکنگ کے عالمی نمبر ایک بلے باز نے اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف میچوں میں لگاتار دو سنچریاں اسکور کی تھیں اور طویل وقفے کے باوجود اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی تین ہندسوں کی اننگز کھیلی۔

بابر اعظم دنیا کے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے کیریئر میں دو مرتبہ لگاتار تین میچوں میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس سے قبل بابر اعظم نے 2016 میں بھی یہی کارنامہ انجام دیا تھا اور لگاتار تینوں سنچریاں ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکور کی تھیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا اگلا ون ڈے میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔