کھیل

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر کی ترقی، روٹ عالمی نمبر ایک بننے کے قریب

لارڈز ٹیسٹ کے ہیرو جو روٹ دو درجے چھلانگ لگا کر رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستانی بلے باز بابر اعظم ایک درجہ ترقی کر کے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ جو روٹ عالمی نمبر ایک بلے باز بننے سے محض ایک قدم کے فاصلے پر ہیں۔

بدھ کو جاری نئی رینکنگ کے مطابق سب سے زیادہ ترقی لارڈز ٹیسٹ کے ہیرو جو روٹ نے کی جو دو درجے چھلانگ لگا کر رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فتح گر سنچری بنانے والے سابق انگلش کپتان اب عالمی نمبر ایک مارنس لبوشین سے محض چند قدم کی دوری پر ہیں اور ایک بڑی اننگز کی بدولت سرفہرست بلے باز بن سکتے ہیں۔

بیٹنگ اور باؤلنگ رینکنگ میں آسٹریلین کھلاڑیوں کا غلبہ ہے جہاں مارنس لبوشین عالمی نمبر ایک بلے باز ہیں جبکہ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں اسٹیون اسمتھ کا تیسرا نمبر ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن دو درجہ تنزلی کے نتیجے میں پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں اور اس کے نتیجے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

باؤلرز کی رینکنگ کی بات کی جائے تو آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

لارڈز ٹیسٹ میں عمدہ باؤلنگ کا انعام نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن کو دو درجے ترقی کی صورت میں ملا اور وہ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

کیوی باؤلر کی ترقی کے نتیجے میں جسپریت بمراہ اور شاہین آفریدی دونوں کی ایک، ایک درجہ تنزلی ہوئی اور دونوں بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

اسی طرح انگلینڈ کے تجربہ کار باؤلر جیمز اینڈرسن بھی دو درجے بہتری کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے ہیں اور اسی سبب ٹم ساؤدھی اور نیل ویگنر ایک، ایک درجہ کمی کے بعد آٹھویں اور نویں نمبر پر آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم بطور کپتان شاندار روایات چھوڑ کر جانے کے خواہش مند

'بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں عالمی نمبر ایک بلے باز بن سکتے ہیں'

بھارتی وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتھک نے پاکستانی بابر اعظم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تینوں فارمیٹ میں جلد عالمی نمبر ایک بلے باز بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اعلیٰ معیاری کھلاڑی ہیں، وہ اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں اور انہیں ابھی کچھ ٹیسٹ میچز بھی کھیلنے ہیں لہٰذا یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہوگا کہ آیا وہ تینوں فارمیٹس میں عالمی نمبر ایک بلے باز بننے والے پہلے کھلاڑی ہوں گے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال تینوں فارمیٹس میں ان کا کھیل شاندار رہا تھا اور مختلف پوزیشنز پر بیٹنگ کرتے ہوئے متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کیا اور میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

دنیش کارتھک نے کہا کہ بابر اعظم اپنے بیلنس کی وجہ سے کھیل کے تینوں فارمیٹس میں کامیابی سمیٹ رہے ہیں اور پہلے کے مقابلے میں انہوں نے اب اپنے کھیلنے کے انداز کو بھی تبدیل کیا ہے جس وجہ سے انہیں کامیابیاں سمیٹنے میں مدد مل رہی ہے۔

بھارتی کھلاڑی نے کہا کہ بابر اعظم بہت اسپیشل کھلاڑی ہیں اور اب اس مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ ان کا موازنہ دنیا کے چار بہترین ٹیسٹ بلے بازوں ویرات کوہلی، اسٹیو اسمتھ، جو روٹ اور کین ولیمسن سے کیا جاسکتا ہے۔