دنیا

ایران کے وسطی شہر میں ٹرین پٹری سے اتر گئی، 10 افراد ہلاک

حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 348 مسافر سوار تھے، واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں سے 12 کی حالت تشویشناک ہے، حکام

ایران کے وسطی شہر مشہد اور یزد کے درمیان تباس کے قریب ٹرین پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ریسکیو سروس کے ترجمان مجتبیٰ خالدی نے سرکاری ٹیلی ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'واقعے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'زخمیوں میں سے 12 کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے'۔

مزید پڑھیں: ایران کے ریلوے نظام پر سائبر حملہ

ایران کی سرکاری ریلوے کے نائب سربراہ میر حسن موسوی نے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 348 مسافر سوار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین 'ایک کھدائی کرنے والے ٹریکٹر سے ٹکرانے کے بعد ٹرین پٹری سے اتری، ٹریکٹر ٹرین کے قریب موجود تھا'۔

ایمرجنسی سروسز نے بتایا کہ صبح 5 بج کر 30 منٹ پر حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کی 11 میں سے پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-ایران مسافر ٹرین سروس دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ ٹرین پٹری سے اترنے کا واقعہ گزشتہ ماہ ایک ٹاور بلاک گرنے کے بعد پیش آیا ہے جس میں تقریباً 43 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں 2016 میں شمالی ایران میں دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں جس کے نتیجے میں ٹرینوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی، افسوس ناک واقعے میں 44 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

بلوچستان: قلعہ سیف اللہ کے قریب مسافر بس کھائی میں جاگری، 22 افراد جاں بحق

دارالحکومت میں بڑھتے جرائم پر سفارت خانوں کے عملے کا اظہار تشویش

یورپی یونین کا تمام موبائل فونز کیلئے ایک ہی چارجنگ پورٹ پر اتفاق