کھیل

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتان منتقل

پنجاب حکومت نے ملک میں غیریقینی سیاسی صورتحال کے پیش نظر بورڈ کو سیریز راولپنڈی سے ملتان سے منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کو پنجاب حکومت کی ہدایت پر راولپنڈی سے ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔

باوثوق ذرائع نے ڈان کو بتایا تھا کہ پنجاب حکومت نے ملک میں جاری غیریقینی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ کو سیریز راولپنڈی سے منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ ون ڈے میچز 8 سے 12 جون کے درمیان منعقد ہونا تھے اور صوبائی حکومت کی ہدایت کے بعد بورڈ نے میچز کے ملتان انعقاد کی تیاریاں شروع کردی تھیں۔

تاہم اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچز کی ملتان منتقلی کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا ہے۔

یہ میچز 8، 10 اور 12 جون کو شام چار بجے منعقد ہوں گے۔

سیریز کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم سے چار جون تک منعقد ہو گا جس کے بعد اسکواڈ پانچ جون کو ملتان چلا جائے گا۔

کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے برطانیہ میں مصروف شاداب خان اور حارث رؤف یکم جون کو وطن واپس پہنچ کر اگلے دن پاکستان کیمپ کو جوائن کر لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ میں کیوی کرکٹ اسکواڈ کورونا کیسز سے متاثر

ویسٹ انڈیز کا اسکواڈ چھ جون کو اسلام آباد پہنچے گا اور خصوصی چارٹر طیارے میں ملتان پہنچایا جائے گا۔

سیریز کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابر اعظم(کپتان)، شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخاراحمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود۔

’کملی‘ کے پریمیئر کے دوران صبا قمر کے رونے کی ویڈیو وائرل

'کیا میری بیٹی کی تقدیر بھی گاؤں کی دوسری لڑکیوں کی طرح ہوگی'؟

’منکی پاکس‘ کے ’وبا‘ میں تبدیل ہونے کے امکانات نہیں، عالمی ادارہ صحت