کوہاٹ: پی ٹی آئی کی ریلی کے دوران 2 ہزار سے زائد موبائل چوری
پولیس حکام نے کہا ہے کہ کے ڈی اے ٹاؤن اور جنگل پولیس اسٹیشن نے 17 مئی کو اسپورٹس کمپلکس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے جلسے کےدوران شرکا کے لاکھوں مالیت کے نقد، گاڑیوں، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے چوروں کا ڈیٹا جمع کرلیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سیکڑوں افراد نے پولیس اسٹیشنز میں چوری کی شکایات درج کروائیں۔
ڈان کو حاصل ہونے والے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ جلسے کے دوران 2 ہزار 700 موبائل فونز، 15 ہزار 125 موٹر سائیکلیں، 35 اے ٹی ایم کارڈز ، 2 پِک اَپ وینز، ایک کار اور 100 شناختی کارڈز چوری ہوئے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کو ریلی کے انعقاد کی اجازت
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
غیرت کے نام پر قتل
ادھر کوہاٹ ۔ پشاور بائی پاس کے قریب غیرت کے نام پر ایک جوان رکشہ ڈرائیور کو قتل کردیا گیا۔
جنگل خیل پولیس کا کہنا ہے کہ نصرت خیل کے علاقے سے مشتبہ شخص نے غیرت کے نام پر نوے کلے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مقتول کے والد کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
امتحانات کا اعلان
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے ملتوی امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا، جس کے مطابق 25 مئی کو ملتوی ہونے والے امتحانات 23 جون کو ہوں گے۔
مزید پڑھیں: طلبہ تیاری کریں، امتحانات ملتوی یا منسوخ نہیں ہوں گے، شفقت محمود
گزشتہ دنوں جاری کے گئے بیان کے مطابق کوہاٹ ڈویژن کے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ بی اے (ایسوسی ایٹ ڈگری)، بی ایس اور بی ایڈ کے امتحانات 25 مئی کو منعقد ہونے تھے، تاہم پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی سبب انہیں ملتوی کردیا گیا تھا جو اب 23 جون کو ہوں گے۔
اسپورٹس فیسٹول
درہ آدم خیل قبائلی سب ڈویژن کے اولاس پارک میں تین روزہ کھیلوں، ثقافتی اور سیاحتی میلے کا آغاز کردیا گیا۔
کوہاٹ کے ریجنل اسپورٹس ڈپارٹمنٹ نے خیبر پختونخوا ٹورازم اینڈ کلچرل اتھارٹی کے تعاون سے ایونٹ کا انعقاد کیا ہے۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گھوڑوں کی دوڑ، پیدل سفر، چھپ چھپانے سمیت مختلف تقریبات، ہتھیاروں کے اسٹالز، مقامی پکوان اور دیگر بہت سی سرگرمیاں میلے کا حصہ ہیں۔
دریں اثنا نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے دستاویزات کے اجرا میں تاخیر سے متعلق عوام کی شکایات کو دور کرنے کے لیے اپنے مسعود پلازہ آفس میں شام کی شفٹ 3 بجے سے رات 10 بجے تک شروع کر دی ہے۔
نادرا حکام نے بتایا کہ دفتر کو اضافی عملہ اور سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔