عمرگل افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مقرر
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عمر گل کو افغانستان کی کرکٹ ٹیم کا فاسٹ باؤلر مقرر کردیا گیا۔
افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عمر گل کو ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا اور وہ دورہ زمبابوے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
عمر گل کو اس سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں بطور باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا اور متحدہ عرب امارات میں اپریل سے ٹریننگ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: یونس خان، عمر گل افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کنسلٹنٹس مقرر
بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سابق باؤلر نے ہماری قومی ٹیم کے باؤلرز کے ساتھ کام کیا اور ان کی ضرورت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مستقل طور پر باؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
افغانستان کی کرکٹ دورہ زمبابوے کے لیے روانہ ہوچکی ہے جہاں ورلٹ کپ سپر لیگ پر مشتمل 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے علاوہ 3 ٹی20 میچز کھیلے۔
زمبابوے اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان 4 جون سے 14 جون کے درمیان ہرارے میں میچز کھیلے جائیں گے۔
عمرگل نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے ساتھ باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر 237 بین الاقوامی میچز کھیلے اور 427 وکٹیں حاصل کیں اور کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے کامیاب ترین باؤلرز میں سے ایک تصور کیے جاتے ہیں اور خاص طور پر ٹی20 کرکٹ میں کامیاب باؤلر سمجھا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان نے اپریل کے اوائل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور سابق فاسٹ باؤلر عمر گل کو بالترتیب بیٹنگ اور باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا تھا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے بیان میں کہا تھا کہ ٹیم کا متحدہ عرب امارات میں ٹریننگ کیمپ جاری ہے جس کے لیے یونس خان اور عمر گل کو کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نصیب خان کا کہنا تھا کہ ‘یونس خان اور عمر گل کے پاس بین الاقوامی کرکٹ وسیع تجربہ ہے اور مجھے امید ہے کہ ہمارے لڑکے بیٹنگ اور باؤلنگ کے شعبوں میں جو مسائل ہیں اس پر قابو پالیں گے’۔