پاکستان

کرپشن کے الزامات، عثمان بزدار نے عون چوہدری کو قانونی نوٹس بھجوا دیا

عون چوہدری نے نجی ٹی وی پروگرام میں مجھ پر بے بنیاد الزام لگائے، معافی مانگیں ورنہ قانونی چارہ جوئی کروں گا، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب
|

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان بزدار نے نجی ٹی کے پروگرام میں اپنے اوپر لگائے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پارٹی کے منحرف رہنما اور وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عون چوہدری کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے سینئر قانون دان قاضی مبین کے ذریعے قانونی نوٹس عون چوہدری کو بھیجا گیا ہے۔

عثمان بزادر کی جانب سے عون چوہدری کو 50 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے۔

قانونی نوٹس میں عثمان بزدار نے مؤقف اپنایا ہے کہ نجی ٹی وی پروگرام میں عون چوہدری نے بے بنیاد الزامات لگائے، عون چوہدری بے بنیاد الزامات پر معافی مانگیں ورنہ قانونی چارہ جوئی کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسپیشل کوآرڈینیٹر عون چوہدری کو ڈی نوٹیفائی کردیا

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الزمات واپس لینے اور معافی نہ مانگنے کی صورت میں 50 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی چینل 'جیو نیوز' کے پروگرام 'جرگہ' میں بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے منحرف رہنما عون چوہدری نے عثمان بزدار کے دور حکومت میں پنجاب میں تقرر و تبادلے سمیت دیگر معاملات میں کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں کے حوالے سے الزامات عائد کیے تھے۔

پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے گروپ جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے عون چوہدری کا کہنا تھا پنجاب میں مانیکا خاندان ایسے حکمرانی کر رہا تھا جیسے ان کے باپ کو وزیر اعظم لگا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان مستعفی، مشیر بھی تبدیل

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ماضی میں انتہائی قریبی ساتھی عون چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو بتایا تھا کہ پنجاب کو فرح گوگی اور احسن گجر چلا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ موجودہ حکومت میں وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے کھیل و سیاحت عون چوہدری سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور تھے۔

پہلے ہی انتخابات کی طرف جانا چاہتے تھے، اتحادیوں کے کہنے پر حکومت میں آئے، رانا ثنااللہ

انگلینڈ میں کیوی کرکٹ اسکواڈ کورونا کیسز سے متاثر

سندھ ہائی کورٹ کا سینما مالکان کو مقامی فلموں کیلئے 85 فیصد اسکرینز مختص کرنے کا حکم