پاکستان

ملک میں انتخابات کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، مریم نواز

(ن) لیگ الیکشن سے نہیں ڈرتی، عمران خان ویڈیو دکھائیں، شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی دیں گے، نائب صدر (ن) لیگ

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے ملک میں الیکشن کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں ڈرتی، عمران خان اپنی ویڈیو دکھائیں، انہیں شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی دیں گے۔

انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا رونا پیٹنا بتا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ان کا نمبر بلاک کردیا ہے، نمبر بدل گیا ہے، اس نمبر پر فون کرتے ہیں تو آواز آتی ہے کہ مطلوبہ سہولت میسر نہیں۔

گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہارا گیم ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کشمیر فروشی پر صرف 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور اپنی حکومت جانے پر دن رات کا ماتم جاری ہے، میں اس گھٹیا شخص کا نام اپنی زبان سے نہیں لینا چاہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیسے جھوٹے، داغاباز، نوسر باز، بہتان باز، ڈرامے باز شخص کا نام اپنی زبان سے لیتے ہوئے مجھے تکلیف ہوتی ہے، مگر میرا فرض ہے کہ میں اپنی قوم کو اس فتنے سے بچاؤں،اس لیے مجھے اس جھوٹے اور مکار شخص کا نام لینا پڑھتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی چیخ و پکار اور رونا دھونا سن کر بچپن کے وہ دن یاد آجاتے ہیں کہ جس بچے نے امتحان کی تیاری نہیں کی ہوتی، امتحان کے وقت اس کے پیٹ میں تکلیف ہوجاتی تھی، بخار ہوجاتا ہے، اسی طرح عمران خان بھی بہانے کر رہا ہے۔

’اللہ کرے عمران خان زندہ رہ کر نواز شریف کی کامیابیاں دیکھیں‘

ان کا کہنا تھا کہ قوم کے 4 سال ضائع کرنے کے بعد جعلی خط کا ڈراما کیا، اس کے بعد بیرونی سازش کا بیانیہ لے آیا اور اب عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کےلیے کہتا ہے کہ میری جان کوخطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب تک حکومت میں رہے اس وقت نہ کوئی خط تھا، نہ بیرونی سازش تھی اور نہ ان کی جان کو خطرہ تھا، آج جب عوام سے تمہاری کارکردگی پوچھ رہی ہے تو تمہارا دامن خالی ہے، کتنے جلسے کیے، اتنی تقریریں کیں کہ قوم کے سر میں درد ہوگیا مگر کسی جلسے میں اپنی کارکردگی نہیں بتائی کیونکہ کارکردگی زیرو ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں انہوں نے وڈیو ریکارڈ کرا کر رکھ دی ہے جس میں ان کے خلاف قتل کی سازش کرنے والوں کے نام ہیں، میں رانا ثنااللہ سے کہتی ہوں کہ وہ عمران خان نے کہیں کہ وڈیو ہے تو سامنے لائیں، کسی حادثے کا انتظار نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کے دیگر جھوٹوں کی طرح ایک جھوٹ ہے لیکن اگر واقعی میں کوئی وڈیو ہے تو اس کو سامنے لاؤ، حادثے سے پہلے وڈیو سامنے لائی جاتی ہے حادثے کے بعد نہیں، وڈیو سامنے لاؤ، پھر تم نواز شریف کا ظرف دیکھنا وہ تمہیں شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کرے گا، وہ نواز شریف جس کا تم جیل سے اے سی نکلواتے تھے وہ تمہیں تحفظ فراہم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مخالفین کے خلاف بھی موت کی بد دعا نہیں کرتے، اللہ کرے کہ عمران خان زندہ رہیں اور نواز شریف کی کامیابیاں دیکھیں اور لوٹ پوٹ ہوتے رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ابھی وہ حساب لینا باقی ہے جس کے باعث ایک روز کے اندر ہی نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اتنے زیادہ گرگئے تھے کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا، نواز شریف کا کھانا گھر سے نہیں، عمران خان کی حکومت کی طرف سے آتا تھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کی تقریر بڑی مشکل سے سنتی ہوں کہ آج اس نے کونسا جھوٹ بولا ہے، کل اس نے مہنگائی کے بارے میں ٹوئٹس بھی کی ہیں تو مبارک ہو کہ 4 سال بعد عمران خان کی یاد داشت واپس آگئی ہے، 4 سال سے جو ضمیر سو رہا تھا وہ جاگ گیا ہے۔

’عمران خان ملکی معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈال گیا‘

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو آج ڈالر کے ریٹ یاد آ رہے ہیں اس وقت ان کا ضمیر کہاں تھا جب نواز شریف کے دور میں 105 روپے والا ڈالر ان کے دور میں 190 پر چلا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمہارا ضمیر اس وقت کہاں تھا جب 35 روپے کلو والے آٹے کو تم نے 80 روپے پر پہنچا دیا تھا، جب تم نے 55 روپے والی چینی کو تم نے 110 روپے پر پہنچا دیا تھا، اس وقت تمہارا ضمیر کہاں تھا، اس وقت تو عمران خان کہتا تھا کہ میں آلو، پیاز کے ریٹ پتا کرنے نہیں آیا، ڈالر کے ریٹ بڑھنے کی خبر تو مجھے ٹی وی سے پتا چلی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کرنے والا کہہ رہا ہے کہ مہنگائی ہوگئی، یہ کہتا ہے کہ مہنگائی ہوگئی، ڈالر اوپر چلا گیا تو اپنے خلاف چارج شیٹ پیش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا سوال 4 سال تک حکمران رہنے والے شخص سے ہوگا یا 4 ہفتے سے حکومت میں آئے لوگوں سے ہوگا۔

’اب جو بھی کرنا ہے وہ شیر نے کرنا ہے‘

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی معیشت میں بارودی سرنگیں بچھا کر گیا ہے، معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈال گیا ہے اور سمجھتا ہے کہ اپنی بد ترین کارکردگی (ن) لیگ کے سر ڈال دے گا تو یہ اس کی بھول ہے، (ن) لیگ ایسا ہونے نہیں دے گی۔

ان کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں میں نے اسٹیبلشمنٹ کے نمبر بلاک کردیے، عمران خان کا رونا پیٹنا بتا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے تمہارا نمبر بلاک کردیا ہے، تم اس نمبر فون کرتے ہو توآواز آتی ہے کہ آپ کو مطلوبہ سہولت میسر نہیں، تم اس نمبر پر کال کرتے ہو مگر اب وہ نمبر بدل چکا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب عمران خان عوام میں ووٹ مانگنے جائے گا تو آواز آئے گئی، رانگ نمبر۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اگر الیکشن کا شوق ہے تو جب تحریک عدم اعتماد آرہی تھی اس وقت الیکشن کا اعلان کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تہمیں 4 سال کے اقتدار کے بعد پھر کنٹینر پر پھر بھیج دیا ہے، (ن) لیگ اور نواز شریف الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن اس وقت ہوں گے جب نواز شریف فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اب تم کچھ بھی کروں گے تو نواز شریف کی طرف دیکھو گے، اب جو بھی کرنا ہے وہ شیر نے کرنا ہے۔

’ملک پر ایٹم بم مارنے جیسے بیان دیتے ہوئے عمران خان کو شرم آنی چاہیے‘

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف الیکشن سے نہیں ڈرتا، ان کی ظالم حکومت کے ہوئے 16 میں سے 15 ضمنی الیکشن ہرائے، اس کو ڈسکہ میں الیکشن جیتنے کے لیے ڈبے اور عملہ چوری کرانےپڑے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عمران خان کو صرف حکومت سے ہی نہیں نکالا بلکہ اس کو بے نقاب ہونے کا موقع بھی دیا کہ اس نے اپنے پاؤں پر کلہاڑا چلادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں شہباز شریف لندن کیوں گیا، میں کہتی ہوں کہ نواز شریف جہاں بھی ہو وہ پاکستان کی سیاست کا محور ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نے 4 سال میں پتا نہیں کونسی ایسے جادو کی چابی گھمائی کہ پورا پاکستان غریب ہوا مگر بنی گالا، فرح خان اور اس کی کابینہ کے لوگوں کے اثاثوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں مجھے اقتدار سے نکال کر یہ لوگ اقتدار میں آگئے، اس سے اچھا تھا کہ ملک پر ایٹم بم چلادیتے، عمران خان کو ایسے بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جو کہتا ہے کہ مجھے حکومت سے نکالا تو پاکستان پر ایٹم بم چلادو، تم ایٹم چلانے کے بیان دو یا پاگل خانے میں داخل ہوجاؤ مگر نواز شریف کے ہوئے ملک پر کوئی آنچ نہیں آئے گی، پاکستان کی سلامتی پر عمران خان جیسے ہزاروں سازشی جوکر قربان ہیں۔

کشمیر کا ترجمان بنا، نہ پاکستان کا، فرح گوگی کا ترجمان بن گیا،وزیراعلیٰ پنجاب

گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نوازشریف,شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائدین نے جیلیں کاٹی سختیاں برداشت کیں. لیکن جو ظلم، سختیاں اور جھوٹے پرچے مسلم لیگ (ن) گجرات اور کوٹلہ کے شیروں پر ڈھائے گئے آج کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر یہ کہنے پہ مجبور کررہا ہے کہ آپ نے اپنے پیار سے حمزہ شہباز کو خرید لیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرے قائد نوازشریف اور شہبازشریف نے یہی سکھایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کرو.کیونکہ جو اللہ کی مخلوق کی خدمت کرتا ہے، اللہ اس سے پیار کرتا ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اس بزدل کانام ہے جو کبھی سازش کا رونا روتا ہے کبھی کہتا ہے میری جان کو خطرہ ہے.

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی تم عوام کو دھوکا دے رہے ہو، یہ نوجوان اس بات کے گواہ ہیں کہ تم نے انکو جھوٹے خواب دکھائے.

حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ کشمیر کا ترجمان بن سکا یہ نہ پاکستان کا ترجمان بن سکا اگر کسی کا ترجمان بنا ہے تو فرح گوگی کا ترجمان بنا ہے جس نے پنجاب کو لوٹا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف شہبازشریف کی کرپشن ڈھونڈنے میں چار سال تم اُلٹے ہوگئے لیکن اللہ نے پاکستان کے عوام کو دکھادیا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کا شیوہ خدمت ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے کہا تھا کہ میں خودکشی کرلوں گا، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، عمران نیازی تم نے تو خودکشی نہیں کی لیکن پاکستان کے لوگوں نے اپنے بچوں کی بھوک دیکھ کر خودکشیاں کیں۔

پاکستان نے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی بےترتیب کورونا ٹیسٹنگ شروع کردی

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک

تیسری طلاق سے قبل ہی دو خواتین نے عامر لیاقت کو شادی کی پیش کردی