دنیا

شمالی کوریا کا آبدوز سے لانچ کیے جانے والے بیلسٹک میزائل کا ممکنہ تجربہ

بیلسٹک میزائل سنپو کے قریب داغا گیا جہاں آبدوزیں اور بیلسٹک میزائل کے تجربے کیلئے سامان ہوتا ہے، جنوبی کوریا کی فوج کا دعویٰ

جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کے منتخب صدر یون سک یول کی حلف برداری سے 3 روز قبل شمالی کوریا نے ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ شمالی کوریا نے اپنے شہر سنپو کے قریب مشرقی ساحل سے سمندر میں آبدوز سے لانچ کیا جانے والا بیلسٹک میزائل (ایس ایل بی ایم) داغا ہے جہاں پیونگ یانگ کی آبدوزیں اور بیلسٹک میزائلوں کے تجربے کے لیے دیگر ساز و سامان موجود ہوتا ہے۔

جاپان کے وزیر اعظم آفس نے بھی ٹوئٹ کیا کہ داغا گیا یہ پراجیکٹائل ایک بیلسٹک میزائل ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ، جاپان، جنوبی کوریا کا اظہار مذمت

جاپانی پبلک براڈکاسٹر ’این ایچ کے‘ نے حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرا۔

شمالی کوریا کی جانب سے اپنی جوہری طاقت کو ممکنہ حد تک تیز رفتار کے ساتھ بڑھانے کے عزم کے بعد جنوبی کوریا اور جاپان نے کہا کہ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل سے سمندر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

امریکہ کا اندازہ ہے کہ شمالی کوریا اپنی پیونگ-ری جوہری تجربہ گاہ تیار کر رہا ہے اور وہ رواں ماہ کے اوائل تک وہاں تجربے کرنے کے لیے تیار ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: شمالی کوریا کا 2017 کے بعد سے سب سےطاقتور میزائل کا تجربہ

سیئول کی ایوا یونیورسٹی کے پروفیسر لیف ایرک ایزلی نے کہا مذاکرات کی دعوت کو قبول کرنے کے بجائے کِم جونگ حکومت جوہری وارہیڈ ٹیسٹ کی تیاری کر رہی ہے، اس کی تکمیل کے وقت کا بیشتر انحصار اس بات پر ہو گا کہ زیر زمین سرنگیں اور تبدیل شدہ ڈیوائس ٹیکنالوجی کب تیار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ساتواں جوہری تجربہ ستمبر 2017 کے بعد پہلا تجربہ ہوگا اور یہ کوریا میں تناؤ کو بڑھا دے گا، جس سے کم جونگ حکومت اور آنے والی یون انتظامیہ کے درمیان غلط اندازے اور غلط فہمیوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

یون سک یول منگل کو عہدہ سنبھالیں گے، امریکی صدر جو بائیڈن 21 مئی کو جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے اور ان سے ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا 'بلیسٹک میزائل' کا تجربہ، خطے میں امن کیلئے کوششیں خطرے میں

گزشتہ ماہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اپنے ملک کے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی رفتار کو تیز کرنے کا عہد کیا تھا، انہوں نے ایک بہت بڑی فوجی پریڈ کی صدارت کی جس میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ ساتھ ایس ایل بی ایمز کو ٹرکوں اور لانچ گاڑیوں پر لے جایا گیا۔

اکتوبر میں شمالی کوریا نے آبدوز کے ذریعے ایک نئے، چھوٹے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا، یہ ایک ایسا اقدام تھا جس کے بارے میں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد ایک آپریشنل میزائل آبدوز کو جلد از جلد شامل کرنا ہو سکتا ہے۔

ایف آئی اے نے پیکا سیکشن 20 کے خاتمے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چینلج کردیا

میڈیا میرے بجائے میرے حجاب کو اہمیت دیتا ہے، ایوا بی

فرانس: ایفل ٹاور میں سیاحوں کو لوٹنے کا انوکھا طریقہ