کھیل

چین میں کووڈ کے پھیلاؤ کے سبب ایشین گیمز2022 ملتوی

ایشین گیمز کا انعقاد 10 سے 25 ستمبر تک ہونا تھا لیکن وائرس کی وجہ سے یہ التوا کا شکار ہو گئے ہیں۔

چین میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب ہانگژو میں ہونے والے ایشین گیمز کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایشین گیمز کا انعقاد 10 سے 25 ستمبر تک ہونا تھا لیکن یہ التوا کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ چین، ملک کے کئی حصوں میں پھیلے انفیکشن پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا میں تیزی کے بعد بیجنگ میں بڑے پیمانے پر کووڈ ٹیسٹ کا آغاز

ہانگژو ملک کے سب سے بڑے شہر شنگھائی سے 200 کلومیٹر سے بھی کم کے فاصلے پر واقع ہے جس نے حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے وائرس کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کی وجہ سے ایک ہفتے کے طویل لاک ڈاؤن کو برداشت کیا ہے۔

اولمپک کونسل آف ایشیا نے ایک بیان میں کہا کہ گیمز ملتوی کرنے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے وبائی صورتحال اور گیمز کے حجم کا بغور جائزہ لینے کے بعد لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ تقریباً 10 ہزار ایتھلیٹس کی میزبانی کرنے والے گیمز کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

منتظمین نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ مشرقی چین کے سوا کروڑ آبادی کے حامل شہر ہانگژو نے ایشین گیمز اور ایشین پیرا گیمز کے لیے تقریباً 56 مقابلے کے مقامات کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔

اس وقت انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ انہوں نے وائرس پر قابو پانے کے منصوبے کے تحت ایونٹ کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے جو بیجنگ سرمائی اولمپکس کے ’کامیاب تجربے سے سیکھ کر بنایا گیا ہے جو فروری میں کووڈ کے سخت بائیوسیکیور ببل میں منعقد ہوئے تھے۔

ہانگژو 1990 میں بیجنگ اور 2010 میں گوانگ زو کے بعد ایشین گیمز کی میزبانی کرنے والا چین کا تیسرا شہر بننے والا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: چین: ایک سال سے زائد عرصے بعد کورونا وائرس سے پہلی موت رپورٹ

کچھ تقریبات دیگر صوبائی شہروں بشمول ننگبو، وینزو، ہوزو، شاوکسنگ اور جنہوا میں منعقد ہونے والی تھیں۔

اولمپک کونسل آف ایشیا نے یہ بھی کہا کہ دسمبر میں چینی شہر شانتو میں ہونے والے ایشین یوتھ گیمز پہلے ہی ایک بار ملتوی ہونے کے بعد منسوخ کر دیے جائیں گے۔

گزشتہ سال ہونے والے ورلڈ یونیورسٹی گیمز کو اگلے ماہ چینگڈو میں شروع ہونا تھا لیکن ان کے بھی ملتوی ہونے کی توقع ہے۔