جو بائیڈن کا عید پر پیغام، تمام عقائد کے احترام کے عزم کی تجدید
واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے عیدالفطر پر اپنے پیغام میں تمام مذاہب اور عقائد کے احترام کے عزم کی تجدید کی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے پیر کو عید کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ان لاکھوں بے گھر افراد اور پناہ گزینوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو اس عید پر اپنے خاندانوں سے دور اور اپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔
مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان سربراہ کی نمازِ عید میں غیر معمولی آمد، اسلامی نظام کی مبارکباد
جو بائیڈن نے اس سال وائٹ ہاؤس میں عید منانے کی روایت کو دوبارہ شروع کرنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ متاثر کن شخصیت کے حامل ان مسلمان امریکیوں کا احترام کیا جائے گا جو ہماری قوم میں وسیع تر افہام و تفہیم اور اتحاد پیدا کرنے کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔
اس روایت کو ٹرمپ انتظامیہ نے بظاہر کووڈ۔19 کے وبائی مرض کی وجہ سے بند کر دیا تھا۔
پاکستان کے امریکی سفیر مسعود خان نے عید پر اپنے پیغام میں بھی کہا کہ صدر جو بائیڈن عید کی تعطیلات کے دوران وائٹ ہاؤس میں عید کی خصوصی تقریب منعقد کریں گے۔
جو بائیڈن کے پہلے دو نکات یعنی 'تمام عقائد کا احترام' اور 'مہاجرین اور بے گھر افراد کی مدد کرنا' ان کی انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کے بھی اہم نکات ہیں، مارچ میں امریکا نے اقوام متحدہ کی ایک قرارداد کی توثیق کی تھی جس میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
یہ وہی دن ہے جب 2019 میں نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر دہشت گردانہ حملے میں دائیں بازو کے ایک انتہا پسند نے 50 سے زائد مسلمانوں کو قتل کر دیا تھا۔
پاکستان نے قرارداد پیش کی تھی جسے 55 ممالک بالخصوص مسلمان ممالک نے اسپانسر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عید کے موقع پر یہ چار فلمیں سینما میں دیکھنے جائیں
جو بائیڈن نے اپنے پیغام میں نوٹ کیا کہ عید ایک مقدس مہینے کی تکمیل کی علامت ہے جو عقیدت کے لیے وقف ہے جس کے بعد خاندان اور معاشرے کے افراد اپنی برکات منانے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید مسلمانوں کے لیے ان تمام لوگوں کو یاد کرنے کا بھی موقع ہے جو غربت، بھوک، تنازعات اور بیماری کی وجہ سے جدوجہد کر رہے ہیں یا متاثر ہو رہے ہیں اور سب کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے دوبارہ عہد کریں۔
امریکی صدر نے کہا کہ جیسا کہ امریکا بھر میں مسلمان عید منا رہے ہیں، تو آئیے ہم تمام عقائد کا احترام کرنے کے اپنے بنیادی عزم کی تجدید کریں۔
صدر بائیڈن نے نوٹ کیا کہ قرآن پاک لوگوں کو انصاف کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہونے کی تلقین کرتا ہے اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم قوموں اور قبیلوں کے طور پر بنائے گئے تھے تاکہ ہم ایک دوسرے کو جان سکیں۔