پاکستان

بابراعظم غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے پر خوش

قومی کرکٹ کے ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز نے بتایا کہ یہ کعبہ شریف کے اگلے کسوہ کا حصہ ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم رمضان کے آخری عشرے میں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لیا اور اس عمل پر خوشی کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چند سیکنڈز کی ویڈیو کے ساتھ بابر اعظم نے لکھا کہ ‘کسوہ- پاک غلاف کعبہ! اس عظیم اور قابل عزت موقع ملنے پر اللہ کا مشکور ہوں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘انشااللہ، یہ کعبہ شریف کے اگلے کسوہ کا حصہ ہوگا’۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ مشہور ٹی وی میزبان شائستہ لودھی نے بھی کسوہ کی تیاری میں حصہ لیا تھا اور اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: غلاف کعبہ کی تبدیلی کے روح پرور مناظر

شائستہ لودھی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’غلاف کعبہ‘ کی تیاری میں حصہ لینے کی اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ انہیں مداحوں کو بتاتے ہوئے یہ خوشی ہو رہی ہے کہ ان کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی۔

اداکارہ نے یوٹیوب پر جاری ویڈیو میں ’غلاف کعبہ‘ کی تیاری کے عمل کو بھی دکھایا تھا اور وہ فیکٹری بھی دکھائی تھی جہاں ’کِسوہ‘ کی تیاری ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، اوپنر فخر زمان سمیت متعدد موجودہ اور سابق کھلاڑی عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہیں۔

بابراعظم نے اس سے قبل بھی ٹوئٹر پر حرم سے اپنی تصاویر جاری کی تھیں، ان کے ساتھ فخر زمان کی تصاویر بھی ٹوئٹر پر جاری کی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: شائستہ لودھی کی غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی دیرینہ خواہش پوری

واضح رہے کہ غلاف کعبہ کو ’کسوہ‘ کہا جاتا ہے اور اس کی تیاری میں 670 کلو گرام خالص ریشم کے علاوہ کئی کلو سونے اور چاندی کا دھاگا استعمال کیا جاتا ہے۔

غلاف کعبہ ہر سال دو مرتبہ شعبان اور پھر ذی الحج کے مہینے میں تبدیل کیا جاتا ہے۔

خانہ کعبہ کے غلاف کی تبدیلی حرمین شریفین کے امور کے سربراہ کی قیادت میں عمل میں آتی ہے، اس وقت حرمین شریفین کے امور کے سربراہ امام کعبہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس ہیں۔

غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب ہر سال 9 ذی الحج کو عازمین کے عرفات پہنچنے پر منعقد کی جاتی ہے۔

غلاف کی تبدیلی کے عمل کے دوران پہلے ایک طرف کا حصہ اتارا جاتا ہے اور اس کی جگہ نیا غلاف چڑھا دیا جاتا ہے اور اس کے بعد بالترتیب دوسرا، تیسرا اور چوتھا حصہ اتار کر اسے چڑھایا جاتا ہے۔

زمین سے 3 میٹر کی بلندی پر موجود کعبہ کے دروازے کی لمبائی 6 میٹر اور چوڑائی 3 میٹر ہے اور کعبہ کا غلاف چار دیواروں کے علاوہ دروازے پر بھی آویزاں کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حرم میں غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی پروقار تقریب

غلاف کعبہ کو تبدیل کرنے کا عمل 6 گھنٹوں میں مکمل ہوتا ہے۔

تاریخی طور پر کعبۃ اللہ پر سب سے پہلا غلاف اس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد حضرت اسمٰعیل علیہ السلام نے چڑھایا تھا۔

ہر سال اتارے جانے والے غلاف کے ٹکڑے بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگر معززین کو پیش کیے جاتے ہیں۔

بھارت: 18 سالہ مسلمان نرس مبینہ طور پر گینگ ریپ کے بعد قتل

یو اے ای کا وفد ’معاشی فیصلوں پر عمل درآمد‘ کے لیے پاکستان آئے گا

عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز گل کو گرفتار، فواد چوہدری کو ہراساں کرنے سے روک دیا