اریبہ حبیب کا شادی کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کا فیصلہ
رواں برس کے آغاز میں صنعت کار سعدین عمران سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ اریبہ حبیب نے تصدیق کی ہے کہ وہ جلد شوہر کے ہمراہ بیرون ملک منتقل ہوجائیں گی۔
اریبہ حبیب نے سال 2021 کے آخری دن نکاح کرکے اپنی شادی کو یادگار بنایا تھا، ان کی شادی کی تقریبات دسمبر 2021 کے آخر میں شروع ہوئی تھیں اور 4 جنوری 2022 کو ان کے ولیمے کی تقریب ہوئی تھی۔
شادی کے چند ماہ بعد حال ہی میں اریبہ حبیب میزبان رابعہ انعم کے رمضان شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شادی سمیت شادی کی بعد کی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی، البتہ انہیں والدہ یاد آتی ہیں اور ابھی تک والدہ انہیں ہر رات کو فون کرکے ان کا حال پوچھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اریبہ حبیب کی شادی کی تقریبات کا آغاز
ان کے مطابق ابھی تک وہ شادی کے بعد اسی شہر میں ہی رہ رہی ہیں، جہاں وہ پیدا ہوئیں اور پلی بڑھیں مگر جلد ہی وہ بیرون ملک چلی جائیں گی، جس کے بعد انہیں معلوم ہوگا کہ شادی کے بعد کی زندگی کیسی ہوتی ہے؟
اریبہ حبیب نے بتایا کہ وہ تو 2021 کے وسط میں ہی شادی کرنا چاہ رہے تھے مگر کورونا کی وجہ سے ان کی شادی میں کچھ تاخیر ہوئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ شادی کے کچھ ہی ہفتوں بعد ان کے شوہر واپس بیرون ملک چلے گئے تھے، جس کے بعد وہ کچھ وقت کے لیے پاکستان آئے مگر پھر واپس چلے گئے۔
اریبہ حبیب کے مطابق ان کے شوہر جرمنی میں رہتے ہیں اور عید کے موقع پر وہ واپس آئیں گے۔
مزید پڑھیں: دلہن بننے سے قبل ناک چھدوانے کی اریبہ حبیب کی ویڈیو وائرل
ایک سوال کے جواب میں اریبہ حبیب نے کہا کہ وہ جلد جرمنی منتقل ہوجائیں گی، کیوں کہ ان کے شوہر وہیں رہتے اور کاروبار کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے بیرون ملک منتقل ہونے کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں، وہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جیسے وہ شوٹنگ مکمل کروائیں گی وہ جرمنی چلی جائیں گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں اریبہ حبیب نے واضح کیا کہ وہ جرمنی منتقل ہونے کے بعد شوبز سے کنارہ کشی نہیں کریں گی بلکہ سال کے اختتام پر پھر واپس پاکستان آکر اپنی مصروفیات میں مصروف ہوجائیں گی۔