کرشمہ کپور کا دوسری شادی کا عندیہ
ماضی کی بولڈ بولی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے پہلی شادی ختم ہونے کی تقریبا ایک دہائی بعد دوسری شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا۔
کرشمہ کپور نے 2003 میں 30 سال کی عمر سے قبل کیریئر کے عروج پر پہلی شادی صنعت کار سنجے کپور سے کی تھی مگر 2013 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
علیحدگی کے تین سال بعد 2016 میں دونوں کے درمیان قانونی طور پر طلاق ہوگئی تھی، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے تھے۔
کرشمہ کپور نے شوہر سے طلاق کے بعد مختلف انٹرویوز میں بتایا تھا کہ سنجے کپور نے ان سے ان کی شہرت اور دولت کی وجہ سے شادی کی تھی اور یہ کہ ان کے شوہر نے پیسوں کے عوض انہیں فروخت بھی کیا تھا۔
کرشمہ کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ ہنی مون پر ہی ان کے شوہر نے ان پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ شوہر کے مرد دوستوں کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کریں۔
ساتھ ہی اداکارہ نے سابق شوہر اور ساس پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔
پہلی شادی سے کرشمہ کپور کو 17 سالہ بیٹی سمیرا اور 12 سالہ بیٹا کیان بھی ہیں، جن کی انہوں نے ہی پرورش کی۔
اگرچہ 2017 میں بھی کرشمہ کپور کی دوسری شادی کی افواہیں سامنے آئی تھیں مگر اس وقت ان کے اہل خانہ نے ایسی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔
اب خود کرشمہ کپور نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے دوسری شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جس پر ان کے مداح خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق کرشمہ کپور نے حال ہی میں انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا پسندیدہ کھانا ’بریانی‘ ہے جب کہ انہیں ‘سیاہ‘ رنگ بہت پسند ہے۔
اداکارہ نے رنبیر کپور اور رنویر سنگھ میں سے کسی ایک کے انتخاب کے جواب میں دونوں کو پسندیدہ شخص قرار دیا اور ساتھ ہی ایک جواب میں اپنے تمام اہل خانہ یعنی بہن کرینہ کپور، والد رندھیر کپور اور بچوں کو دنیا کے پسندیدہ اور سب سے اچھے انسان بھی قرار دیا۔
اسی دوران ایک مداح نے ان سے دوسری شادی سے متعلق بھی سوال کیا جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ دوبارہ ازدواجی زندگی شروع کرنے کا معاملہ حالات پر منحصر ہے، یعنی اگر انہیں کوئی اچھا شخص ملا تو وہ دوسری شادی کا ضرور سوچیں گی۔
اس سے قبل کرشمہ کپور نے اپریل کے آغاز میں اپنے کزن رنبیر کپور کی عالیہ بھٹ سے شادی کے موقع پر بھی دوسری شادی کا عندیہ دیا تھا۔
کرشمہ کپور کی شادی سے قبل کی زندگی بھی بڑی رومانوی رہی ہے اور ان کے تعلقات اجے دیو گن سمیت ابھیشک بچن سے بھی رہے اور ایک موقع پر تو ان کی ابھیشک بچن سے منگنی ہونے تک کی خبریں بھی سامنے آئیں مگر پھر ان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔
کرشمہ کپور کی پہلی فلم ’پریم قیدی‘ 22 جون 1991 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کی کامیابی کے بعد ان کی دوسری فلم ’پولیس افسر‘ آئی، جس نے بھی کامیابی سمیٹی۔
انہوں نے کیریئر کے آغاز میں ہی ایک کے بعد ایک کامیاب فلم دی اور ان کا شمار 1990 سے 2005 کی سپر ہیروئنز میں شمار کیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے اپنے 30 سالہ کیریئر میں 6 درجن کے قریب فلموں میں کام کیا اور متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے۔