پاکستان

وفاقی دارالحکومت کی بیوروکریسی میں تبدیلیاں شروع، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا تبادلہ

19ویں گریڈ کے افسر عرفان نواز کو نیا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد تعینات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا تبادلہ کردیا گیا۔

حکومت کی تبدیلی کے ساتھ دارالحکومت کی انتظامیہ میں نئے چہرے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور ہفتے کے روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا تبادلہ کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے بی پی ایس-19 کے افسر عرفان نواز کو نیا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے، عرفان نواز اس سے قبل بلوچستان کی صوبائی حکومت کے ماتحت کام کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں بیوروکریسی کا گرتا ہوا معیار اور بے ہودہ پالیسیاں

نوٹی فکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو زاہد خان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کردی گئی ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق اس وقت داخلہ ڈویژن کے تحت تعینات ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے افسر محمد حمزہ شفقت کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حمزہ شفقت پاکستان مسلم لیگ نواز کی سابقہ ​​حکومت کے دوران بھی منافع بخش عہدوں پر فائز رہے اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں خدمات انجام دیں، اس کے بعد انہیں ڈپٹی سیکریٹری کے طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہوں نے جوائنٹ سیکریٹری کے اختیارات استعمال کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے سابق قریبی ساتھی احد چیمہ کو چیف کمشنر اسلام آباد یا چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی مقرر کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افتخار چوہدری بدسلوکی کیس میں سابق کمشنر، ڈپٹی کمشنر کی درخواستیں مسترد

اس وقت یہ دونوں قلمدان امیر علی احمد کے پاس ہیں جو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ایک اچھے افسر ہیں اور انہوں نے اپنی زیادہ تر مدت اسلام آباد میں گزاری ہیں۔

وہ مشہور بیوروکریٹ سعید مہدی کے بیٹے ہیں جنہوں نے اکتوبر 1999 کی فوجی بغاوت سے قبل نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔

احد چیمہ کو پی ٹی آئی حکومت کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ 3 سال سے زائد عرصے تک قید رہے کیونکہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں تین ریفرنسز میں بطور ملزم نامزد کیا تھا، وہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کے دوران لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سربراہ تھے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ آفس آرڈر کے مطابق احد چیمہ کو تمام الزامات سے بری کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نئی حکومت آتے ہی سرکاری ڈیجیٹل اثاثوں پر کنٹرول کی دوڑ

احد چیمہ کو چند روز قبل ایئرپورٹ پر بریفنگ کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ لاہور میٹرو بس ٹریک کی تعمیر میں ان کی خدمات کے اعتراف میں احد چیمہ کو صدر پاکستان نے تمغہ امتیاز سے نوازا تھا۔

برطانوی وزیراعظم، وزرا سمیت 10 حکومتی عہدیداروں پر روس میں داخلے پر پابندی

بلقیس ایدھی نے اعتبار کرکے مجھے بیٹا دیا، حدیقہ کیانی

ایسا آسان جملہ جسے صرف ایک فیصد لوگ ہی پڑھ پاتے ہیں