شوبز شخصیات کا عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجانے اور ان کے وزیر اعظم نہ رہنے کے باوجود شوبز شخصیات نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے انہیں مضبوط رہنے اور نہ گھبرانے کا مشورہ دیا ہے۔
عمران خان کے خلاف 9 اور 10 اپریل کی درمیانی شب قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی تھی، تحریک کے حق میں 174 ووٹ پڑے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، عمران خان 'آؤٹ'
تحریک کامیاب ہونے کے بعد عمران خان وزیر اعظم کے عہدے سے فارغ ہوگئے، تاہم اس کے باوجود شوبز شخصیات نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے انہیں مضبوط رہنے اور نہ گھبرانے کا مشورہ دیا۔
سینیئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ جنہوں نے تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے وقت سے عمران خان کا ساتھ دیا، انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں عمران خان کو اپنا کپتان قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی حمایت ان کے ساتھ ہے اور ابھی سے آئندہ انتخابات کی تیاری کرتے ہیں۔
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان کو مشورہ دیا کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘ اتحادی حکومت سے اچھی طاقتور اپوزیشن ہے، آپ ہمارے محافظ ہیں۔
شان شاہد نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اپنی ٹوئٹ میں انہیں مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وزیر اعظم کے طور پر خدمات سر انجام دینا آپ کا پہلا فیز تھا مگر بطور اچھے لیڈر آپ کی کاوشیں اب شروع ہوئی ہیں، سخت کرنا ہی آپ کے میڈل ہیں، قوم و ملک کو آپ کی ضرورت ہے۔
اداکارہ حنا خواجہ بیات نے بھی عمران خان کی حمایت میں پوسٹ کی اور اپنی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی، انہوں نے لکھا کہ ایک شخص پاکستان کی سالمیت کے لیے تنہا کھڑا تھا اور ملک کے باقی تمام ادارے کرپٹ سیاسی مافیا کو این آر او دینے کے لیے کھڑے تھے۔
انہوں نے جذباتی پوسٹ میں عمران خان کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ عوام نے ہی انہیں ووٹ دے کر وزیر اعظم بنایا تھا اور دوبارہ بھی وہی ووٹ دے کر انہیں وزیر اعظم بنائیں گے اور اگر وہ ایسا نہ کر سکے تو بے شک ہم غلط کام کرنے والوں میں سے ہوں گے۔
ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ خدا فرماتے ہیں کہ جیسی قوم ہوتی ہے، انہیں حکمران بھی ایسے ہی عطا کیے جاتے ہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پھر وہ قوم بن چکے ہیں کہ ہمارے اوپر کرپٹ اور مسٹر ٹین پرسنٹ کے نام سے مشہور لوگ مسلط ہوگئے؟
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹ کی اور لکھا کہ ’تم کتنے عمران گھر بھیجو گے، ہر گھر سے عمران نکلے گا‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آج کا دن افسوس ناک تھا مگر حقیقی انقلاب اب شرو ع ہو ا ہے۔
اداکارہ زارا نور عباس نے بھی عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور انہیں ہمیشہ کے لیے اپنا لیڈر قرار دیا۔
سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے عمران خان کی ڈاکیومینٹری کی مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے ہی قول لکھے کہ ’ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان چاہیے۔ نوجوانو ، آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، ایک زندہ قوم اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہوتی ہے، آپ نے غلامی قبول نہیں کرنی‘
اداکارہ مایا علی نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کو ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا اور لکھا کہ قوم نے آج جواہر، سچا انسان اور سیاستدان کھو دیا۔
انہوں نے عمران خان کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ واپس آئیں گے اور انہوں نے ان کا ساتھ دینے کا عزم بھی کیا۔
اداکارہ حریم فاروق نے بھی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے دن کو افسردہ دن قرار دیا، تاہم ساتھ ہی امید کا اظہار کیا کہ مستقبل اچھا ہوگا۔
موسیقار روحیل حیات نے بھی عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے تن تنہا کرپٹ لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی نے عمران خان ساتھ دیتے ہوئے انقلابی شاعر فیض احمد فیض کی نظم شیئر کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین سے محبت کا اظہار بھی کیا۔
گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی ٹوئٹ کی مگر انہوں نے عمران خان کا نام نہیں لکھا اور واضح طور پر ان کی حمایت نہیں کی، انہوں نے ملک میں آئینی و قانونی بحران سمیت سیاسی سرکس پر بات کی اور سوال اٹھایا کہ کیا ہر بار اپوزیشن حکومتیں گراتی رہیں گی؟
اداکارہ وینا ملک نے بھی عمران خان کا ساتھ دیتے ہوئے ٹوئٹ میں سوال کیا کہ ’کون ہوگا جو عمران خان جیسے لیڈر کی قدر نہیں کرے گا؟کون ؟ اور پھر خود ہی جواب دیا کہ ’ایسا شخص تو کبھی پاکستان کی تاریخ میں آیا ہی نہیں، سچا، ایماندار، بے لوث، بہادر، دین دار، اور حق گو‘۔
اداکارہ ایمن خان نے بھی عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور انہیں سچا لیڈر قرار دیا۔
اداکار بلال قریشی نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر لکھا کہ ’پاکستان ہار گیا‘۔