پاکستان

روپے کی قدر میں بہتری کے بعد سونے کی قیمتوں میں کمی

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 ہزار روپے کی کمی کے بعد ایک لاکھ 32 ہزار 300 روپے ہوگئی۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت جمعرات کو بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد جمعہ کے روز 2 ہزار روپے کی کمی کے بعد ایک لاکھ 32 ہزار 300 روپے ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت ایک ہزار 715 روپے کی کمی سے ایک لاکھ 13 ہزار 426 روپے ہوگئی۔

عالمی منڈی کے نرخوں میں 6 ڈالر فی اونس کی چھلانگ کے باوجود بھی مقامی سطح پر سونے کے نرخ کم ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت ایک لاکھ 34 ہزار 300 روپے فی تولہ کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچی

بین الاقوامی بلین ریٹ میں سنہری دھات کی قیمت میں ایک ڈالر فی اونس کی چھلانگ کے دوران مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں بڑی تیزی دیکھنے میں آئی۔

ساتھ ہی ملک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت بھی نئی بلندی پر پہنچ گئی تھی۔

بڑھتی ہوئی بین الاقوامی قیمتوں کے پیش نظر مقامی قیمتوں میں کمی کی وضاحت کرتے ہوئے آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی جے ایم اے) کے چیئرمین نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بڑی ریکوری کی وجہ سے قیمتوں میں کمی آئی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے بعد جمعہ کو پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ اور کرنسی مارکیٹ میں ریکوری دیکھی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری

کرنسی مارکیٹ میں تیزی سے گرتا روپیہ بھی ایک ہی دن میں ڈالر کے مقابلے میں خاصا مضبوط ہوا اور ڈالر کی قیمت انٹر بینک مارکیٹ میں ڈھائی روپے کم ہو کر 185 روپے 90 پیسے پر بند ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ جمعرات کو روپے کی قدر میں تیزی سے گراوٹ کے بعد میں سونے کی فی تولہ قیمت 1500 روپے کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 34 ہزار 300 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 286 روپے کا اضافہ ہوا اور ایک لاکھ 15 ہزار 141 ہوگئی تھی۔