پاکستان

عمران نیازی کے جھوٹ، من گھڑت الزامات، اقتدار کی ہوس کی حد نہیں، شہباز شریف

اقتدار جاتا دیکھ کر پاگل ہو جانے والے شخص کو بتاؤ اس کو کسی اور نے نہیں، اپنی جماعت نے اقتدار سے نکالا ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کے جھوٹ، من گھڑت الزامات اور اقتدار کی ہوس کی کوئی حد نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے کہ پارلیمنٹ، آئین اور عدالت کا وہ کتنا احترام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آج کی تقریر ہمارے فوجیوں کی قربانیوں کی توہین ہے اور مودی کی خارجہ پالیسی کی تعریف کشمیریوں کی جدوجہد سے سب سے بڑی غداری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ کا فیصلہ: مشترکہ اپوزیشن کا کل یوم تشکر منانے کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اقتدار کے لیے اس طرح کسی کو روتے پہلی بار دیکھا ہے، رو رہا ہے کہ میرے لیے کوئی نہیں نکلا'۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'تم نے اقتدار سے جاتے جاتے پاکستان کا آئین بھی توڑ دیا'۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'او بھائی آنکھیں کھول کے دیکھو،غریب عوام کو اپنے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں جس طرح تم نے رُلایا ہے، جس طرح عوام کو تل تل کر کے مارا ہے، وہ شکرانے کے نفل پڑھ رہے ہیں کہ تم جیسے حکمران سے جان چھوٹی'۔

وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ 'کوئی اس اقتدار جاتا دیکھ کر پاگل ہو جانے والے شخص کو بتائے کہ اس کو کسی اور نے نہیں، اسکی اپنی جماعت نے اقتدار سے باہر نکالا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:دفترخارجہ میں بیٹھ کر 'خط کی ڈرافٹنگ' کی گئی، مریم نواز

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنی تقریر میں بھارت کی تعریف کرنے پر بھی مریم نواز نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'عمران خان اگر آپ کو بھارت اگر اتنا پسند ہے تو وہیں شفٹ ہو جائیے اور پاکستان کی جان چھوڑییے'۔

مریم نواز نے کہا کہ 'عمران خان جس بھارت کے قصیدے پڑھ رہے ہیں وہاں مختلف وزرائے اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی 27 تحریکیں آئیں، کسی ایک وزیر اعظم نے بھی آئین، جمہوریت اور اخلاقیات سے کھلواڑ نہی کیا، بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی ایک ووٹ سے ہارے تھے، گھر چلے گئے، انہوں نے آپ کی طرح ملک، آئین اور قوم کو یرغمال نہیں بنای'۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے کرپشن کی ہوشربا داستانیں سامنے آنے والی ہیں، مریم نواز

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ڈپٹی اسپکر قاسم خان سوری کی تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا اور عوام میں نکلوں گا جبکہ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران اتوار کو احتجاج کی کال بھی دی تھی۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم کس طرح کا پاکستان چاہتے ہیں، مجھے افسوس ہوتا ہے، ہم ہندوستان کے ساتھ آزاد ہوئے تھے لیکن آج وہ ایک خود دار قوم ہیں، بھارت روس سے تیل درآمد کر رہا ہے جبکہ دنیا بھر میں پابندیاں ہیں۔

طوبیٰ انور سے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر عامر لیاقت کو تنقید کا سامنا

امپورٹڈ حکومت تسلیم نہیں، عوام میں نکلوں گا، وزیراعظم کی اتوار کو احتجاج کی کال

تھوڑا سا وزن بڑھا تو لوگوں نے دعویٰ کیا کہ حاملہ ہوں، نرگس فخری