پاکستان

’کے پی بلدیاتی انتخابات سے ظاہر ہوگیا پاکستانی اپنے دلیر لیڈر کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں‘

اب بڑا فیصلہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یا ناکامی نہیں بلکہ یہ ہے کہ پاکستان کے مستقبل کے فیصلے عوام کریں گے، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے دلیر لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں اور اب پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان، دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے، لہٰذا ہماری اولین ترجیح انہیں روزگار فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ ہم نے کہا تھا کہ 5 سال کے اندر ایک کروڑ افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا، جس پر ہمارا بہت مذاق اڑایا گیا، لیکن اس میں دو ترجیحات تھی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 30 سال سے ہماری معیشت دلدل میں دھنستی جارہی ہے، ہمارا بیرونی خسارہ اتنا زیادہ ہے کہ جیسے ہی معیشت کی رفتار تیز ہوتی ہے ڈالر کی کمی ہونے لگتی ہے اور ہمیں دوربارہ اسے بریک لگانی پڑتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کو ٹھیک کرنے کے لیے قابض پیپلز پارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا، اسد عمر

اسد عمر نے کہا کہ جب تک معیشت کی ترقی کی رفتار تیز نہیں ہوگی اس وقت تک روزگار کے زیادہ مواقع نہیں مل سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی پالیسیوں کو وہاں مرکوز کیا جہاں برآمدات میں اضافہ ہو اور روزگار بھی ہو جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے پچھلے 2 سال میں زراعت میں جو ترقی ہوئی یہ ترقی ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں کاشت کاروں کو بھی فائدہ ہوا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کے لیے گندم کی قیمت میں صرف 100 روپے فی من اضافہ کیا تھا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت 900 روپے فی من اضافہ کرچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی پالیسیاں تھیں کہ پاکستان کی سب سے بڑی صنعت یعنی ٹیکسٹائل کی مشینری سریے کے دام میں فروخت ہورہی تھی، اس وقت ٹیکسٹائل کو وسیع کرتے ہوئے اربوں روپوں کی مشینری لائی جارہی ہے اور وہاں مزدوروں کی قلت ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: 'اسد عمر نے جھوٹ اور فراڈ میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے'

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومت کو ملا کر 10 سال میں برآمدات میں اتنا اضافہ نہیں ہوا تھا جتنا اضافہ ایک سال میں ہوا ہے، یہ صرف اس لیے ممکن ہوا ہے کہ ایسے سیکٹر کو ترجیح دی گئی جہاں ترقی ممکن ہے۔

کورونا کی وبا پر قابو پانے پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں جب کورونا کی وجہ سے دنیا کی بڑی بڑی معیشتیں مسائل کا شکار تھی تب پاکستان میں 32 ہزار نوکریوں کا اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2007 کے بعد ایسا کوئی سال نہیں آیا جس میں پاکستان کی جی ڈی پی میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہو، اس سال ہم جی ڈی پی میں 5 فیصد سے زیادہ اضافے دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر ایک کروڑ نوکریوں کا اضافہ نہیں بھی ہوا تو کم از کم اس کے قریب ضرور پہنچیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ شہری علاقوں میں معیشت کو فروخت دینے کا اہم ذریعہ تعمیراتی صنعت ہے جس کی ترقی کے لیے وزیر اعظم نے جو کچھ کیا سب سے سامنے ہے، انہوں نے خود این سی سی کے ذریعے اس کی مانیٹرنگ کی جبکہ اسٹیٹ بینک، وزارت خزانہ اور انتظامی قوانین میں تبدیلی کی گئی جو روزگار میں اضافے کا سبب بنی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم ’دھمکی آمیز خط‘ سپریم کورٹ میں پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، اسد عمر

انہوں نے قومی ٹیم کے بلے بازوں امام الحق اور بابر اعظم کو کامیاب اننگز پر مبارک باد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی کامیابی کا ذکر بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے ڈیڑھ گناہ زیادہ تحصیلیں جیتی ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی اپنے دلیر لیڈر کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں، اب یہ فیصلہ بڑا نہیں ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی یا نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اب بڑا فیصلہ یہ ہے کہ کیا اب پاکستان کے مستقبل کے فیصلے پاکستان کے عوام کریں گے یا چند ضمیر فروش سیاست دان اور ان کے بیرونی آقا کریں گے، یہ فتح پاکستانی قوم کی ہوگی۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ یہ جو ترقی کے اعداد و شمار آپ کے سامنے رکھے گئے ہیں یہ اعداد و شمار اگر آپ پچھلے تین سال ٹی وی دیکھتے رہتے اور میڈیا پر افلاطونوں کو سنتے رہتے تو ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس قسم کے اعداد و شمار سامنے آئیں گے۔

مزید پڑھیں: سی پیک پر کام سست نہیں ہوا، اسد عمر کی یقین دہانی

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ان سب چیزوں سے اوپر جاچکی ہے اور اپنے فیصلے خود کرنے کو تیار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے ارتقا کے بعد شروع کے تین ماہ میں بڑے پیمانے پر نوکریوں سے برطرفی کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے بعد وزیر اعظم نے کاروبار بند نہ کرتے ہوئے معیشت کو ترقی دینے کا فیصلہ تھا اور ایک رپورٹ کے مطابق جتنے لوگوں کی نوکریاں چھینی تھی انہیں واپس روزگار مل گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 2.3 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے، یعنی 3 سال میں ملک کی آبادی میں 7 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ روزگار کی شرح میں 9.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان کے ذمے داران ملک میں حج کے بعد الیکشن کا اعلان کریں، وزیر داخلہ

شادی سے قبل جاوید شیخ کے ساتھ اہلیہ کے لیے رشتے دیکھتا رہا، بہروز سبزواری

ایران نے امریکا کی نئی پابندیوں کو ’ بد نیتی‘ کی علامت قرار دے دیا