پاکستان

کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثہ، پاک فوج کے افسران سمیت 6 جوان شہید، آئی ایس پی آر

افریقی ملک کانگو میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پوما ہیلی کاپٹر نگرانی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، ترجمان پاک فوج
|

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ افریقی ملک کانگو میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پوما ہیلی کاپٹر نگرانی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں چھ پاکستانی افسران، سپاہی اور اقوام متحدہ کے دو فوجی شامل تھے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ شہید ہونے والے 6 پاکستانی افسران اور جوانوں کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان، پائلٹ میجر سعد نعمانی، کو پائلٹ میجر فیضان علی، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار سمیع الحق خان، کریو چیف حوالدار محمد اسماعیل اور گنر لانس حوالدار محمد جمیل کے ناموں سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:کانگو: اقوام متحدہ امن مشن کا پاکستانی اہلکار ہلاک

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا ایک ایوی ایشن مشن اقوام متحدہ کے مشن کانگو میں 2011 سے امن مشن کے فرائض پر تعینات ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر اہم کردار ادا کیا ہے تاکہ اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنز میں فعال تعاون کے ذریعے عالمی امن اور سلامتی کے نظریات کو حاصل کرنے میں مدد کی جا سکے۔

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے امن دستوں نے ہمیشہ اپنے آپ کو تنازعات کے شکار علاقوں میں امن کی حفاظت کے چیلنجنگ کاموں کو لگن کے ذریعے انجام دینے میں اعلیٰ ترین قربانیاں دے کر اپنے آپ کو ممتاز کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے فوجی افسران اور جوانوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر افسوس اظہار کا اظہار کرتے ہوئے افواج پاکستان کو عالمی امن کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 88 رنز سے شکست دے دی

ول اسمتھ نے کراس راک کو تھپڑ رسید کرکے صحیح کیا، کنگنا رناوٹ

لکی مروت: سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار