پاکستان

لاہور: اسٹارٹ اپ 'کولیبز ' نے 30 لاکھ ڈالر کے فنڈز اکٹھے کرلیے

کولیبز کے پاس 100سے زیادہ اداروں کا اشتراکی نیٹ ورک ہے جو پاکستانی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے میں شامل ہے۔

لاہور میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، کاروباری افراد اور فری لانسرز کو کاروبار شروع کرنے اور اس کو ترقی دینے کے لیے ایک ٹیک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے قائم اسٹارٹ اپ کولیبز نے سیڈ راؤنڈ میں 30 لاکھ ڈالر کے فنڈز اکٹھے کر لیے۔

اسٹارٹ اپ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس فنڈ ریزنگ راؤنڈ کی قیادت انڈس ویلی کیپیٹل، زین کیپٹل اور فاطمہ گوبی وینچرز نے کی۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ پہلی بار تھا کہ تین سرکردہ پاکستان فوکسڈ وینچر کیپیٹلسٹ (وی سی) کمپنیاں ایک اسٹارٹ اپ میں ایک ساتھ سرمایہ کاری کررہی تھیں۔

اعلامیے کے مطابق اس راؤنڈ میں شوروق پارٹنرز، کنو کیپیٹل، موئیرکیپٹل، سائی وینچرز، اور چند دیگر اہم کمپنیوں نے بھی شرکت کی جن میں ٹرنر نوواک، ولیم ہاکی، اور ٹیڈی ہملر شامل ہیں۔

کولیبز کی بنیاد 2019 میں رکھی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی اسٹارٹ اپ 'بازار' نے مزید 7 کروڑ ڈالرز کے فنڈز جمع کر لیے

اس اسٹارٹ اپ کی قیادت کرنے والی ٹیم میں فاطمہ مظہر چیف آپریٹنگ آفیسر کے طور پر شامل ہیں،جنہوں نے اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں اپنی سابق کمپنی کی ترقی میں کردار ادا کیا تھا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کولیبز کا آغاز لاہور میں جدید ترین سہولت کے ساتھ ایک کوورکنگ پلیٹ فارم کے طور پر کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد سے اس نے کاروباری افراد اور فری لانسرز کو کئی اضافی خدمات اور ٹولز پیش کرنے کے لیے تعلیمی بوٹ کیمپس پلیٹ فارم میں شامل کیا جو بیک آفس سلوشن فراہم کرنے کے لیے جیسے کہ بزنس کارپوریشن، ٹیلنٹ سورسنگ اور مینجمنٹ، پے رول پروسیسنگ اور قانونی اور ٹیکس معاملات میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔

پریس ریلیز میں کمپنی کا کہنا تھا کہ اپنی ابتدا سے ہی کولیبز نے مارکیٹ میں روایتی کوورکنگ اداروں سے ایک مختلف غیر روایت سمت اختیار کی ہے، آج کولیبز کے پاس 100سے زیادہ اداروں کا ایک مشترکہ نیٹ ورک ہے جو پاکستانی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے میں شامل ہے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ کولیبز نے اپنے ایونٹس، نیٹ ورکنگ فورمز اور اسٹارٹ اپ کی سہولت کے ذریعے خود کو پاکستان میں اسٹارٹ اپ ایجنڈے کے مرکز میں رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی اسٹارٹ اپ پوسٹ ایکس کے دو پلیٹ فارمز کیلئے 15 لاکھ ڈالر کا سرمایہ

کولیبز کے شریک بانی عمر شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستانی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو تیز کرنے میں مدد کے لیے کولیبز کی بنیاد رکھی تھی اور ہمیں اس پر بہت فخر ہے جو ہم نے تین برسوں میں حاصل کیا ہے۔

عمر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ ہمیں بنیادی طور پر ایک کوورکنگ آپریٹر کے طور پر دیکھا جاتا ہے، ہم نے جو کچھ بنایا ہے وہ فری لانسرز، اسٹارٹ اپس اور یہاں تک کہ بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں داخل ہونے، اپنے کاروبار شروع کرنے اور ان کے انتظام کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج جو کوئی بھی پاکستان میں کمپنی شروع کرنا چاہتا ہے، وہ کولیبز کو نہ صرف ایک ایسی جگہ کے طور پر استعمال کر سکتا ہے جہاں وہ کام کرتا ہے بلکہ ایک پارٹنر کے طور پر بھی استعمال کر سکتا ہے جو ان کے بیک آفس کے مختلف کاموں کا انتظام کرتا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق، اس سرمایہ کاری کے ساتھ کولیبز کا مقصد پاکستان میں ایک لاکھ انٹرپرینیورز اور فری لانسرز کی کمیونٹی کو اکٹھا کرنا ہے، جس کا آغاز اگلے دو برسوں میں 10 ہزار اراکین سے ہوگا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس خواہش کو پاکستان کے بڑے شہروں جیسے کراچی اور اسلام آباد میں قومی توسیع کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔

روسی فورسز نے یوکرین کے درجنوں عہدیداروں، صحافیوں کو لاپتا کردیا، اقوام متحدہ

عروج آفتاب ’ٹائمز اسکوائر‘ کے بل بورڈ پر نظر آنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ

شاہین آفریدی، ڈیوڈ وارنر کا آمنا سامنا، ٹوئٹر پر لوگوں کے دلچسپ تبصرے