باقی ساتھیوں سے بھی احمد حسین ڈیہڑ کی طرح کے بیان کی امید ہے، اسد عمر
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ احمد حسین ڈیہڑ کی طرح ہمارے باقی ساتھیوں کی جانب سے بھی اسی طرح کے بیان کی امید ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ مجھے آج پتا چلا ہے کہ ہمارے ساتھی احمد حسین ڈیہڑ کی جانب سے بڑا اچھا بیان آیا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہمارے اور بھی ساتھیوں کی جانب سے اسی طرح کے بیان آئیں گے، انشااللہ عدم اعتماد پر جب ووٹنگ ہوگی اس دن بھی وزیراعظم عمران خان کو کامیابی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج جس طرح مسلمانوں کا مقدمہ لڑا اس پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے 14 منحرف اراکین کو نوٹس جاری کر دیئے
وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی قرارداد کو تمام مسلم دنیا نے سپورٹ کیا جس کی بنیاد پر یہ فیصلہ ہوا کہ ہر سال 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے عالمی دن منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑی کامیابی اس لیے ممکن ہوئی کیونکہ تمام مسلم ممالک نے اس کے لیے متحد ہوکر آواز اٹھائی۔
اسد عمر نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ مسلم دنیا کے بہت سے حکمرانوں کے پاس وہ اخلاقی قوت ہی نہیں ہے کہ وہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ لڑسکیں، پاکستان میں ہم اس کی مثال دیکھ چکے ہیں، اگر حکمرانوں کی جائیدادیں بیرون ملک پڑی ہوں گی تو وہ کیا خاک مسلمانوں کا مقدمہ لڑیں گے۔
مزید پڑھیں: 'منحرف ارکان میں سے زیادہ تر واپس آئیں گے'
انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر نظر آیا کہ اللہ سے ڈرنے والا لیڈر موجود ہو تو اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کو بھی ایک عام عدم اعتماد کی تحریک نہ سمجھیں، یہ پاکستان کے مستقبل کے تعین کے لیے مقابلہ ہو رہا ہے، ہمارا اب بھی یہی ماننا ہے کہ عمران خان کو اس جدوجہد کے اندر بھی کامیابی ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنی ذات کی بجائے ملک کے لیے فیصلے کریں تو اس ملک میں بڑی قوت ہے کہ ہمیں دنیامیں عزت سے دیکھا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: 7 منحرف اراکین ہمارے پاس واپس آگئے ہیں، فواد چوہدری کا دعویٰ
ان کا کہنا تھا کہ 27 تاریخ کو جلسے میں شرکت کے لیے بیرون ملک پاکستانی بھی وطن آرہے ہیں، انشااللہ 27 تاریخ کو پریڈ گراؤنڈ کے اندر پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہونے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام لوگ جو پاکستان کو خوددار ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں ان سب کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ 27 تاریخ کو جلسے میں شرکت کے لیے آئیں، اس دن تمام دنیا کی نظر اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ پر ہوگی، انشااللہ اس دن تاریخ رقم ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ناراض رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'عمران خان کا ساتھ چھوڑنے والے کو بے غیرت سمجھتا ہوں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں، کسی اور کے ساتھ جانے کا اعلان نہیں کیا'۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ 'عدم اعتماد کی ووٹنگ والے دن اسمبلی نہیں جاؤں گا'۔