پاکستان

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

نئے پروگرام سے پاکستان میں حکومتی قرضوں کے انتظام، پائیدار نمو اور معیشت میں استحکام کی کوششوں کو تقویت ملے گی، ڈائریکٹر جنرل

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقی کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

اے ڈی بی سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ قرض ایشیائی ترقیاتی بینک کے تھرڈ کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت دیا جارہا ہے اور اس کی منظوری 2020 میں دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے60 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی منظوری

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی طلب سے استفادہ یقینی بنایا جائے گا جبکہ متبادل مالیاتی آلات کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا یوگینی زوخوف نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کے فروغ اور ترقی میں کلیدی شراکت دار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نئے پروگرام سے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومتی قرضوں کے انتظام و انصرام اور مقامی وسائل سے استفادہ کرنے میں بہتری آئے گی اور پائیدار نمو اور معیشت میں استحکام کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کے مالیاتی شعبے پر بینکوں کا غلبہ ہے اور تنوع کی کمی کی وجہ سے مالیاتی تناؤ اور غیر یقینی کے دور کو برداشت کرنے کی قابلیت سے محرومی کا خطرہ بڑھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دے دی

اے ڈی بی نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج تک رسائی کرنے والے سرمایہ کاروں کی تعداد اور سرمایہ اکٹھا کرنے والی کمپنیوں کی تعداد کم ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ بینک کے پروگرام کے تحت پاکستان میں پالیسی اقدامات کی معاونت کی جائے گی، جس سے کیپٹل مارکیٹس کے استحکام کو تقویت ملے گی اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

اے ڈی بی نے بتایا کہ پالیسی اقدامات میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ڈھانچے میں اصلاحات شامل ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی ماہر اقتصادیات ثنا مسعود نے بتایا کہ یہ اصلاحات پیداواری سرمایہ کاری اور خاص طور پر نجی شعبے کے لیے مالی وسائل کو فعال کرنے میں مدد کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے مالی لاگت میں کمی اور نظام میں موجود خرابیوں کو ٹھیک کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 10 ارب ڈالر امداد دے گا

خیال رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2021 میں اے ڈی بی نے پاکستان میں سماجی تحفظ پروگرام کی توسیع اور استحکام کے لیے 60 کروڑ 30 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی۔

اے ڈی بی نے کہا تھا کہ کیش کی مشروط منتقلی کے تحت یہ قرض احساس پروگرام پر عمل درآمد، قومی سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کی حکمت عملی میں معاون ہوگا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ سماجی تحفظ پروگرام کے تحت اے ڈی بی مستقل بنیاد پر 60 کروڈ ڈالر قرض اور 30 لاکھ ڈالر گرانٹ ایشین ڈیولپمنٹ فنڈ سے فراہم کرے گا اور ایجوکیشن اَبو آل فاؤنڈیشن کی 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کی نگرانی کرے گا۔

رئیل می کا نیا فلیگ شپ فون جی ٹی نیو 3 جس کی قیمت اور فیچرز دنگ کردینے والے

بیجنگ، اسلام آباد کو روس کےخلاف پابندیوں پر تشویش ہے، چینی وزارت خارجہ

پتوکی: جھگڑے کے دوران محنت کش کی موت، لاش کے پاس باراتی دعوت اڑاتے رہے