سیالکوٹ گیریژن میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، آئی ایس پی آر
گیریژن میں لگنے والی حادثاتی آگ شارٹ سرکٹ کے باعث بھڑک اٹھی تھی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ترجمان پاک فوج
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں گیریژن میں لگنے والی حادثاتی آگ پر قابو پالیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ گیریژن میں شارٹ سرکٹ کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی، جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پاک فوج کے مطابق آگ کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیے جانے سے مالی و جانی نقصان سے محفوظ رہے اور آگ پر قابو پالیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ حادثاتی آگ سے کسی طرح کا جانی یا بھاری نقصان نہیں ہوا۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر سیالکوٹ میں آگ لگنے کی خبریں وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد پاک فوج نے وضاحتی بیان جاری کیا کہ گیریژن میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔