سیالکوٹ: ’اسلحے کے شیڈ میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘
پاک فوج نے کہا ہے کہ سیالکوٹ گیریژن میں شارٹ سرکٹ کے باعث گولہ بارود کے شیڈ میں لگنے والے آگ پر فوری طور پر قابو پالیا گیا اور کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیالکوٹ گیریژن میں گولہ بارود کے شیڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث حادثاتی طور پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔
بیان میں بتایا گیا کہ آگ لگتے ہی بروقت کارروائی کرتے ہوئے نقصان کو فوری طور پر روکا گیا اور آگ بجھادی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی واقعے میں ملوث آئی ایس آئی اور رینجرز کے افسران کو ذمہ داریوں سے ہٹا دیا
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ واقعے میں کسی قسم کا جانی یا املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔
خیال رہے کہ سیالکوٹ کے رہائشیوں کی جانب سے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فجر کے وقت پر دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی شکایات کی گئیں تھی۔
بعدازاں کچھ سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی گردش کرنے لگیں جس میں آگ بھڑکتے اور دھواں اٹھتے دیکھا۔
مزید پڑھیں:سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا، آئی ایس پی آر
مختلف ٹوئٹس میں مقامی افراد نے دعویٰ کیا تھا کہ آگ کینٹ کے علاقے میں کسی اسلحہ ڈپو میں لگی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر مختلف قسم کی افواہیں بھی گردش کرنے لگی تھیں اور سیالکوٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔