فیصل واڈا کی خالی سینیٹ کی نشست پر پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کامیاب
سندھ سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نثار کھوڑو نے کامیابی حاصل کر لی۔
الیکشن کمیشن نے 9 فروری کو دوہری شہریت کیس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اور سابق وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کو نا اہل قرار دیا تھا جس کے باعث یہ نشست خالی ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: دوہری شہریت کیس: الیکشن کمیشن نے فیصل واڈا کو نا اہل قرار دے دیا
بدھ کو ہونے والے انتخابات میں 101 اراکین نے ووٹ ڈالے جبکہ دو اراکین کے ووٹ رد کیے گئے جس وجہ سے نثار کھوڑو نے 99 ووٹ حاصل کرکے سینیٹ کی نشست پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔
سندھ اسمبلی کے 168 اراکین کے ایوان میں پیپلز پارٹی کے 99 اراکین ہیں جس میں علی نواز مہر ھالیپوٹو نے ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
پی ٹی آئی کے چار اراکین نے ووٹ کاسٹ کیا تاہم دو ووٹ رد ہونے کے باعث پیپلز پارٹی کے امیدوار نثار کھوڑو نے 99 ووٹ حاصل کر کے سینیٹ نشست پر باآسانی کامیابی حاصل کر لی۔
سینیٹ انتخابات کا سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے نے بائیکاٹ کیا۔
سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے جانے کا وقت آ چکا ہے اور اب ان کے اتحادی اور اراکین بھی اقتدار کی ڈوبتی کشتی میں مزید سوار ہونا نہیں چاہتے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: تاحیات نااہلی کے خلاف فیصل واڈا کی درخواست مسترد
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاق میں اقلیتی حکومت ہے جس کو ایوان میں اکثریت نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان عوام اور ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، اس لیے وزیر اعظم اور اس حکومت کو جانا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بھی وقت ہے عمران خان استعفیٰ دیں ورنہ خواری اور رسوائی کے سوا ان کے ھاتھ کچھ نہیں لگے گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سندھ میں نہ مشترکہ اپوزیشن ہے نہ ہی اپوزیشن متحد اور اکٹھی ہے، سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن نے اپنے اراکین کم ہونے کے خوف سے سینیٹ انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔
اس مرحلے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے سینیٹ انتخابات میں کامیابی پر نثار کھوڑو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نثار کھوڑو منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور وہ سندھ کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نااہل سلیکٹڈ بے حس وزیراعظم ہے جس نے عوام کا جینا عذاب کردیا ہے، عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب کریں گے اور ساڑھے تین سال کا کالا دور جلد ختم ہوگا۔
مزید پڑھیں: فیصل واڈا کی نااہلی، سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کیلئے شیڈول جاری
انہوں نے کہا کہ آج سینیٹ الیکشن میں چار پی ٹی آئی اراکین نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا ہے، اراکین عمران خان سے ناراض ہیں اس لیے پی ٹی آئی نے سینیٹ کا بائیکاٹ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کسی سے رابطہ نہیں کر رہا بلکہ لوگ عمران خان سے خود بے زار ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی کے چار اراکین خود آئے اور پیپلز پارٹی امیدوار کو ووٹ دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آج سیاسی قیادت کے خلاف بدزبانی سے وزیراعظم کی مایوسی آج جھلک رہی تھی، وہ آج ساڑھے تین سال بعد بہادر آباد گئے ہیں جو اچھی بات ہے لیکن ان کو اتحادیوں کے پاس پہلے جانا چاہیے تھا مگر ڈوبتی کشتی میں اب کوئی بھی سوار رہنا نہیں چاہتا۔